’یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان مذاکرات ختم ہونے کا خطرہ ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

یورپیئن کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک کا کہنا ہے کہ برطانیہ کی جانب سے یورپی یونین میں اصلاحات کے مطالبے پر ہونے والے مذاکرات ’انتہائی نازک مرحلے‘ میں ہیں اور ان کے مطابق یورپی یونین کے تقسیم ہونے کا ’خطرہ موجود ہے۔‘

ڈونلڈ ٹسک جو کہ ان مذاکرات کی نگرانی کر رہے ہیں نے یورپی رہنماؤں سے درخواست کی ہے کہ اس صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹا جائے۔

برطانیہ کے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون برطانیہ میں ریفرنڈم سے قبل رواں ہفتے ہونے والے یورپی یونین کے اہم اجلاس میں کوئی معاہدے ہونے کے منتظر ہیں۔

اس سے قبل ڈیوڈ کیمرون نے دباؤ کی وجہ سے کیبنٹ میٹنگ کو یورپی یونین کے اجلاس تک صرف اس لیے روک دیا کہ اگر کوئی معاہدہ طے پا جا تا ہے۔

برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون فرانس کے صدر فرانسوا اولاند سے بھی ملاقات کریں گے۔

جمعرات سے شروع ہونے والے یورپی یونین کے رہنماؤں کے دو روزہ اجلاس سے قبل ڈونلڈ ٹسک اس وقت یورپی ممالک کے دورے پر ہیں۔

رومانیہ اور فرانس کے صدور سے ملاقاتوں کے بعد بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹسک کا کہنا تھا کہ 28 ممالک کے اتحاد میں برطانیہ کے مستقبل پر ہونے والے ’مذاکرات مشکل تھے لیکن انتہائی اہم تھے۔‘

ڈونلڈ ٹسک نے کہا کہ ’یہ نازک لمحہ ہے۔ ہم نے اپنے دلائل سے زیادہ ایک دوسرے کے دلائل سننے شروع کیے ہیں۔‘

’یہ فطری بات ہے کہ مذاکرات میں جیسے جیسے ہم ایک اہم لمحے کے قریب ہوتے جاتے ہیں تو پوزیشن سخت ہو جاتی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’مذاکرات کے ختم ہونے کا خطرہ موجود ہے کیونکہ یہ طریقہ کار بہت کمزور ہے۔ لہذا اس سے بہتر انداز میں نمٹنا ہوگا۔ کیونکہ جو ایک بار ٹوٹ جائے اسے جوڑا نہیں جا سکتا۔‘

اسی بارے میں