ڈیٹروئٹ ایئر پورٹ پر دو جہاز ٹکرا گئے

تصویر کے کاپی رائٹ SaintFDW
Image caption فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس حادثے کی تحقیقات کی جائیں گی

امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ڈیٹروئٹ ایئر پورٹ پر دو جہاز ٹیکسی کرتے وقت آپس میں ٹکرا گئے ہیں۔

حکام کے مطابق امیریکن ایئر لائنز کے جہاز کا پّر ساؤتھ ویسٹ ایئر لائنز کے پچھلے حصے سے ٹکرایا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دونوں جہاز ٹیکسی کر رہے تھے۔

اس حادثے میں کسی مسافر کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس حادثے کی تحقیقات کی جائیں گی۔

ایک مسافر فلیچر شار نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے مسافر کہہ رہے تھے کہ دونوں جہاز بہت قریب ہیں لیکن ان کو یہ یقین تھا کہ جہاز نہیں ٹکرائیں گے۔

’ایک دم سے کچھ لگنے کی اونچی آواز آئی۔ میں سمجھا کہ کوئی شے جہاز کے نیچے آ گئی ہے۔ میں نے کھڑکی سے دیکھا تو نظر آیا کہ پّر کے کچھ حصے گرے ہوئے تھے اور دوسرے جہاز کا پچھلا حصہ یا ٹیل تباہ ہوئی پڑی تھی۔‘

شارپ نے مزید کہا ’ہم خوش ہیں کہ کم از کم یہ حادثہ فضا میں پیش نہیں آیا۔‘

ایک اور مسافر جم بشپ نے فوکس 2 نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس حادثے کے بعد دس منٹ کے لیے مکمل خاموشی ہو گئی تھی۔

’دس منٹ بعد ریڈیو پر اعلان کیا گیا کہ حادثہ پیش آیا ہے۔ ایک ایئر ہوسٹس نے میرے استفسار پر کہا کہ وہ 35 سال سے اس پیشے میں ہے اور اس نے ایسا ہوتے کبھی نہیں دیکھا۔‘

اسی بارے میں