اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے تین فلسطینی ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption یہ رواں ماہ اسرائیلیوں پر حملے اور جوابی کارروائی میں فلسطینیوں کی ہلاکت کا چوتھا واقعہ ہے

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غربِ اردن کے علاقے میں ایک بس سٹاپ پر موجود افراد پر حملوں کی کوشش کرنے والے تین فلسطینیوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

فوج کی جانب سے پیر کو جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ دو افراد نے بیت الخلیل کے نزدیک بس سٹاپ پر کھڑے راہ گیروں پر فائرنگ کی جس کے بعد فوجیوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

تیسرے شخص کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس نے اپنی گاڑی اس فوجی گاڑی سے ٹکرائی تھی جو بس سٹاپ پر حملے کے بعد وہاں پہنچی تھی۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے دوران تین فوجی بھی زخمی ہوئے ہیں۔

یہ رواں ماہ اسرائیلیوں پر حملے اور جوابی کارروائی میں فلسطینیوں کی ہلاکت کا چوتھا واقعہ ہے۔

اس سے قبل نو مارچ کو تل ابیب کے جنوب میں جفا کے مقام پر ایک شخص نے چاقو کے حملے میں دس افراد کو نشانہ بنایا ہے اور اس واقعے میں ایک امریکی سیاح ہلاک ہوئی تھی۔

اس کے علاوہ مقبوضہ مشرقی یروشلم میں بھی دو اسرائیلی پولیس اہلکاروں پر گولیاں چلائی گئیں جس سے وہ زخمی ہو گئے تھے ہیں۔

چوتھا حملہ بھی تل ابیب کے نزدیک پیتہ تکوا میں ہوا تھا جہاں ایک انتہائی قدامت پسند یہودی پر چاقو سے حملہ کیا گیا۔

اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ ان تینوں حملوں میں شامل حملہ آور فلسطینی تھے اور انھیں ہلاک کر دیا گیا۔

اسی بارے میں