پیسے نہیں تو تصویروں میں ہی سیر

کینیا میں ایک خاتون نے دوسرے لوگوں کی تعطیلات اور سیر و تفرتح کی تصاویر میں خود کو شامل کر کے اپنی فیس بُک پر لگا دیا۔

سیولین گٹ کے پاس بیرون ملک چھٹیوں پر جانے کے لیے پیسے نہیں تھے لیکن انھوں نے اس کا انوکھا حل نکالا اور ایک ہوائی جہاز، دیوِار چین اور ایک مشہور مندر کے ساتھ اپنی خود ساختہ تصویریں بنا لیں۔

لیکن سولین گٹ نے خود کو ان تصویروں میں شامل کرنے کے لیے تصاویر کی ایڈیٹنگ اتنی بری کی کہ لوگوں کو پہلی ہی نظر میں معلوم ہو گیا کہ یہ تصویریں جعلی ہیں۔

یہ معلوم ہوتے ہی لوگوں نے ان تصویروں کو آپس میں شیئر کرنا شروع کر دیا اور اب تک ہزاروں افراد یہ تصاویر معاشرتی رابطوں کی ویب سائٹس پر شیئر کر چکے ہیں۔

Image caption بیرون ملک پرواز پر روانگی سے پہلے

ناصرف یہ بلکہ، کئی صارفین سیولین گٹ کی ایک تصویر کو مزاح پیدا کرنے کے لیے بھی استعمال کر رہے ہیں اور ہر دوسری تصویر میں انھیں ایک نئی جگہ پر کھڑا ہوتے دکھا رہے ہیں۔

کہیں وہ ایک اہم اجلاس میں کینیا کی نمائندگی کر رہی ہیں تو کہیں وہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت میں سرگرم دکھائی دے رہی ہیں۔ WhereIsSeveGatsNow# (اب سیولین گٹ کہاں ہیں) کے ہیش ٹیگ کے تحت آپ ٹوئٹر پرسولین گٹ کی کئی تصاویر دیکھ سکتے ہیں۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سیولین گٹ کی کوششیں مکمل رائیگان نہیں گئیں کیونکہ نیروبی کی ایک کاروباری شخصیت سیم گِچورو نے سیولین گٹ کی مدد کا فیصلہ کیا ہے اور ان کی تعطیلات کا خواب پورا کرنے کے لیے کافی رقم اکھٹی کر لی ہے۔

Image caption چین: واقعی ایک خوبصورت جگہ
Image caption چین میں میرا آخری دن۔ خدا حافظ چین
Image caption سیولین گٹ سیم گِچورو کے ساتھ۔ ان کا چین جانے کا خواب اب واقعی پورا ہو رہا ہے

ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ قسم سے اس خاتون نے میری زندگی کے دن بڑھا دیے ہیں۔ ہنس ہنس کے میری پسلیاں درد کر رہی ہیں۔