شامی فوج نے قدیم شہر پیلمائرا پر دوبارہ ’قبضہ کر لیا‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption قلات شیرکوہ نامی محمل پر قبضے کو یونیسکو نے سراہا ہے

شام کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک کی حکومتی افواج نے روسی فضائیہ کی مدد سے شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کو شکست دیکر قدیمی شہر پیلمائرا پر دوبارہ قبضہ حاصل کر لیا ہے۔

شام کی فوج اس علاقے میں کئی روز سے پیش قدمی کر رہی تھی اور اب فوجی ذرائع کا کہنا ہے شہر پر اس کا مکمل کنٹرول ہوگیا ہے۔

سنیچر کو اس سلسلے میں شامی فوج نے جو تصاویر جاری کی تھیں اس میں پیلمائرا کے کئی ٹھکانوں پر ہیلی کاپٹروں اور ٹیکوں سے فائرنگ کرتے دیکھا گیا تھا۔

برطانیہ میں شام کی صورت حال پر نظر رکھنے والے حقوق انسانی کے ایک ادارہ کا کہنا ہے کہ شہر کے مشرقی علاقوں میں اب بھی گولہ باری ہو رہی ہے لیکن دولت اسلامیہ کا ایک بڑا فورس مشرق بعید کی جانب کوچ کر گیا ہے۔

اس سے قبل شامی وزارتِ دفاع کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ روسی فضائیہ نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں 40 مشن بھجوائے۔

خیال رہے کہ ’دولت اسلامیہ‘ نے یونیسکو کی عالمی وراثت والے مقام اور اس سے ملحق شہر پر گذشتہ سال مئی میں قبضہ کر لیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption پیلمائرا کے شمالی اور مغربی علاقوں پر حکومتی افواج کے قبضے کی بات کہی جا رہی ہے

اس نے آثار قدیمہ کے مقامات کو نقصان پہنچائے جس کی بین الاقوامی سطح پر مذمت کی گئي۔

دوہزار سال پرانے دو مندر، ایک محراب اور قبرستان کے مینار زمیں بوس کر دیے گئے۔

شامی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ فضائی حملوں میں دولتِ اسلامیہ کے 158 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا اور 100 سے زائد شدت پسند ہلاک ہوئے۔

شام کی سرکاری میڈیا نے اس سے قبل کہا تھا کہ فوج نے پیلمائرا شہر کے شمالی سرے پر موجود الامیریا ضلعے پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

جمعے کو شام کی سرکاری خبرساں ایجنسی کے مطابق روسی فضائي حملوں کی آڑ میں فوج نے13ویں صدی کے ایک محل پر قبضہ کرلیا ہے جو کہ رومن عہد کے باقیات کے مغرب میں واقع ہے۔

قلات شیرکوہ نامی یہ محل 150 میٹر بلند پہاڑی پر ہے اور حکومت نواز میڈیا کے مطابق یہ قبضہ انتہائی اہم ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption بعض عمارتوں سے بار بار دھماکے دیکھے گئے

اس سے قبل جمعرات کو تھوڑے وقفے کے لیے حکومت کی فوج شہر میں داخل ہوئی تھی لیکن پھر اسے واپس بھگا دیا گيا۔

اس کی آزادی کا اقوام متحدہ کے ثقافتی شعبے یونیسکو نے خیر مقدم کیا ہے۔ اس سے قبل اس نے پیلمائرا کی تباہی کو جنگی جرائم کے مترادف قرار دیا تھا۔

جبکہ دولتِ اسلامیہ کا خیال ہے کہ یہ تعمیرات بت پرستی کی نشانیاں ہیں۔

اسی بارے میں