جرمانے کی بجائے 50 سطریں لکھیں

اطلاعات کے مطابق ویت نام کی ٹریفک پولیس کی جانب سے ایک خاتون کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانے کی بجائے ان سے 50 بار اس جرم کو دوبارہ نہ کرنے کی سطریں لکھوانے پر اس کی تعریف کی جا رہی ہے۔

مقامی نیوز ویب سائٹ کے مطابق ویت نام کے مرکزی شہر دا نانگ کی ٹریفک پولیس نے ایک 20 سالہ خاتون پر ون وے کی خلاف ورزی کرنے پر سکول کے بچوں جیسی سزا دی۔

مقامی پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ نروس دکھائی دینے والی خاتون ڈرائیور کو ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے ان کی بات پر یقین کیا جب انھوں نے دعویٰ کیا کہ انھوں نے ون وے کا سائن نہیں دیکھا۔

پولیس سربراہ کے مطابق پولیس اہلکاروں نے خاتون سے کہا کہ وہ 50 بار ’میں دوبارہ ون وے کی خلاف ورزی نہیں کروں گی‘ کی سطریں لکھیں یا پھر جرمانہ ادا کریں۔

پولیس سربراہ کے مطابق مذکورہ خاتون نے سستے آپشن کو خوشی سے قبول کر لیا اور فوراً ہی سطریں لکھنا شروع کر دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کا ادارہ عام افراد کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے بڑھتی ہوئی تشویش پر اپنا کام دوستانہ طور پر کر رہا ہے۔

انھوں نے دی توئی ترے نیوز ویب سائٹ کو بتایا کہ پہلی بار جرم کرنے والے افراد پر جرمانہ کرنے سے ان پر منفی اثر پڑتا ہے۔