چین کے پولیس اہلکاروں کا اٹلی میں گشت

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption چینی پولیس افسروں نے اٹلی آنے سے قبل بیجنگ میں اطالوی حکام کے ساتھ تربیت حاصل کی تھی

اٹلی میں سیاحت کے فروغ اور چینی باشندوں کو تحفظ کا احساس دلانے کے پیش نظر وہاں کے معروف شہر روم اور میلان میں اطالوی پولیس کے ساتھ چار چینی پولیس اہلکار بھی گشت کریں گے۔

یہ گشت دو ہفتے کے ایک تجرباتی مشق کا حصہ ہے۔

اٹلی کے وزیر داخلہ اینجیلینو الفانو نے بتایا کہ ان افسروں کو اٹلی میں سیاحت کے سب سے سرگرم موسم کے لیے تعینات کیا گيا ہے تاکہ چینی سیاح وہاں خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔

خیال رہے کہ یہ چینی پولیس اہلکار اطالوی بولتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا: ’اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو ہم اسے دوسرے شہروں میں بھی آزمائیں گے۔

ایک اندازے کے مطابق 30 لاکھ چینی باشندے سالانہ اٹلی کا سفر کرتے ہیں۔

مسٹر الفانو نے کہا جلد ہی اطالوی پولیس اہلکار بھی چین کے شہر بیجنگ اور شنگھائی کا دورہ کریں گے جہاں وہ چینی پولیس اہلکاروں کے ساتھ گشت کریں گے۔

اٹلی میں تعینات کیے جانے والے چینی پولیس افسروں نے اٹلی آنے سے قبل بیجنگ میں اطالوی حکام کے ساتھ تربیت حاصل کی تھی۔

اسی بارے میں