سنگا پور میں آٹھ بنگلہ دیشی افراد گرفتار

سنگاپور میں حکام نے آٹھ بنگلہ دیشی افراد کو دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

حکام کے مطابق گرفتار کیے جانے والے افراد کی عمریں 26 سے 34 سال کے درمیان ہیں اور وہ تعمیراتی اور سمندری صنعتوں میں کام کرتے تھے۔

سنگا پور کو ہمسائے ممالک میں شدت پسندوں کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر تشویش ہے۔

سنگا پور نے جنوری میں بھی بنگلہ دیش کے 27 وکروں کو گرفتار کرنے کے بعد ڈی پورٹ کر دیا تھا۔

ان افراد پر اسلامی شدت پسندوں کی حمایت کرنے کا الزام تھا۔

سنگا پور کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ اپریل میں گرفتار کیے جانے والے یہ آٹھ افراد خود کو دولتِ اسلامیہ کہلانے والی شدت پسند تنظیم میں شمولیت اختیار کرنا چاہتے تھے۔

حکام کے مطابق جب ان افراد نے فیصلہ کیا کہ شام کا سفر کرنا مشکل ہے تو انھوں نے بنگلہ دیش جا کر حکومت کا تختہ الٹنے کا منصوبہ بنایا۔

حکام کے مطابق گرفتار کیے جانے والے آٹھ افراد کے قبضے سے بم بنانے کی ہدایات کے علاوہ انتہا پسند مواد بھی برآمد ہوا۔

سنگا پور کی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ان افراد کا سنگا پور کو نشانہ بنانے کا کوئی منصوبہ نہیں تھا۔