کینیڈا کے جنگلات میں شدید آگ، ہزاروں افراد کا انخلا

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption ابھی تک کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاعات نہیں ملیں۔

کینیڈا کے شہر فورٹ مک مرے کے جنگلات میں شدید آگ بھڑک اُٹھی ہے جس سے درجنوں مکانات متاثر ہوئے ہیں اور شہریوں کو انخلا کا حکم دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ جنگل میں شدید آگ کی وجہ سے شہر کی تقریباً تمام آبادی کو دوسرے مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ کینیڈا کے صوبے البرٹا کے اس شہر کی آبادی تقریباً 60،000 افراد پر مشتمل ہے۔

ایڈمنٹن سے 380 کلومیٹر کے فاصلے پر شہر کے خارجی راستوں پر شہریوں کے انخلا کی وجہ سے ٹریفک جام ہو گیا ہے۔

فورٹ مرے تیل کی دولت سے مالا مال صحرائی خطے میں واقع ہے اور یہ انخلا البرٹا کی تاریخ میں نقل مکانی کرنے کا سب سے بڑا واقع ہے۔

مقامی شہری مارک ڈروچر نے مقامی روزنامے گلوب اینڈ میل کو بتایا کہ ’ اگر آپ باہر جائیں تو اپ کو اپنے اوپر راکھ گرتے ہوئی محسوس ہو گی۔ فضا میں راکھ دکھائی دیتی ہے۔ میں اپنے گھر کے باہر جھاڑو سے اسے صاف کر سکتا ہوں۔ ‘

فورٹ مک مرے کے شہر کے دو علاقوں میں مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں جبکہ آگ کے شعلہ فورٹ مرے کی جنوب میں واقع شاہراہ ہائی وے 63 تک پہنچ گئے ہیں۔

مقامی انتظامیہ آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے اور آگ بھجانے والوں کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر سے پانی گرایا جائے۔

آگ سے کسی بھی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات تاحال موصول نہیں ہوئی ہیں۔

اسی بارے میں