شمالی کوریا میں دہائیوں بعد حکمراں جماعت کا اجلاس

Image caption شمالی کوریا نے غیر ملکی صحافیوں کو اس کانگرس کی کوریج کی اجازت دے دی ہے تاہم انھیں شمالی کوریا کے عام باشندوں سے بات چیت کی اجازت نہیں ہوگی

شمالی کوریا میں تین دہائیوں سے زائد عرصے کے بعد حکمران پارٹی کا ایک اجلاس شروع ہو گیا ہے جس پارٹی کے قائد کم جونگ اُن مستقبل کے بارے میں اپنے ارادوں کا اظہار کریں گے۔

چار روز تک جاری رہنے والے اجلاس میں جماعت کے ہزاروں کارکن شرکت کر کے ملک کے رہنما کم جونگ اُن کی حمایت کا اظہار کریں گے۔

* شمالی کوریا کے میزائل تجربے پر اقوامِ متحدہ کو تشویش

دارالحکومت پیانگ یانگ میں بی بی سی کے نامہ نگار سٹیفن ایونز کے مطابق کم جونگ اُن اجلاس کی جگہ پر پہنچ چکے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہال کے باہر کم جونگ اُن کے ذاتی محافظ قطار میں کھڑے ہیں جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ اجلاس میں موجود ہیں۔

اس اجلاس میں امکان ہے کہ نئے پارٹی رہنماؤں کو ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔

اجلاس سے قبل میزائلوں کے تجربات کے بعد ایسی چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں کہ اس موقعے پر شمالی کوریا پانچواں جوہری تجربہ کرے گا۔

جنوری میں شمالی کوریا کی جانب سے چوتھے جوہری تجربے کے بعد اس پر عائد بین الاقوامی پابندیاں مزید سخت کر دی گئی تھیں۔

ماہرین کے خیال میں سنہ 1980 کے بعد ہونے والے اس ساتویں پارٹی کانگریس میں کم جونگ اُن اپنی آئندہ پالیسی کا اعلان کریں گے جس میں اقتصادی ترقی اور جوہری صلاحیت کے فروغ کی بات کریں گے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption کم جونگ اُن اپنی آئندہ پالیسی کا اعلان کریں گے جس میں اقتصادی ترقی اور جوہری صلاحیت کے فروغ کی بات کریں گے۔

شمالی کوریا نے غیر ملکی صحافیوں کو اس کانگرس کی کوریج کی اجازت دے دی ہے تاہم ان کی نقل و حمل محدود ہوگی اور انھیں شمالی کوریا کے عام باشندوں سے بات چیت کی اجازت نہیں ہوگی۔

کم جونگ اُن 2011 میں اپنے والد کی وفات کے بعد حکمران بنے۔ کم جونگ اِل کے دور میں کوئی اجلاس نہیں بلایا گیا۔

اس اجلاس میں نئی سنٹرل کمیٹی کا انتخاب کیا جائے گا جو اہم سیاسی عہدوں کا انتخاب کرے گی۔ خیال ہے کہ حالیہ حکمران کے وفاداروں کو اہم منصب دیے جائیں گے۔

بعض ماہرین کا خیال ہے کہ کمِ کی بہن کم یو جونگ کو بھی ترقی دی جائے گی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Alamy
Image caption بعض ماہرین کا خیال ہے کہ کمِ کی بہن کم یو جونگ کو بھی ترقی دی جائے گی
تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption اجلاس سے قبل میزائلوں کے تجربات کے بعد ایسی چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں کہ اس موقعے پر شمالی کوریا پانچواں جوہری تجربہ کرے گا۔

اسی بارے میں