ہارورڈ ساکھ کے لحاظ سے دنیا کی بہترین یونیورسٹی

تصویر کے کاپی رائٹ harvard.edu
Image caption ٹائمز ہائیر ایجوکیشن کی جاری کردہ فہرست کے مطابق امریکی یونیورسٹیاں ہارورڈ اور ایم آئی ٹی سرفہرست ہیں

عالمی ساکھ کے لحاظ سے دنیا کی 100 بہترین یونیورسٹیوں میں برطانیہ کی دس یونیورسٹیاں بھی شامل ہیں لیکن ان میں سے بہت سی درجہ بندی میں تنزلی کا شکار ہوئی ہیں۔

کیمبرج اور اوکسفرڈ کا شمار اب بھی دنیا کی پانچ بہترین یونیورسٹیوں میں ہوتا ہے اور وہ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں، لیکن دونوں یونیورسٹیاں سنہ 2015 کی درجہ بندی کے مقابلے میں دو دو درجے نیچے آئی ہیں۔

ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جاری کردہ فہرست کے مطابق امریکی یونیورسٹیاں ہارورڈ اور ایم آئی ٹی سرفہرست ہیں۔

گذشہ سال کے مقابلے میں 100 بہترین یونیورسٹیوں میں ایشیائی یونیورسٹیوں کی تعداد دس سے بڑھ کر 17 ہوگئی ہے۔

بہترین ایشیائی یونیورسٹیوں میں جاپان کی یونیورسٹی آف ٹوکیو 12ویں، چین کی چینہوا یونیورسٹی 18 ویں، پیکنگ یونیورسٹی 21 ویں اور نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور 26 ویں نمبر پر ہیں۔

یہ درجہ بندی ان تعلیمی اداروں کی ساکھ کی بنیاد پر کی گئی ہے اور بین الاقوامی سطح پر تعلیم و تدریس کے شعبے سے منسلک افراد کے پینل کی آرا پر مبنی ہے۔

تحقیق اور تعلیمی معیار کے حوالے سے یونیورسٹیوں کی الگ سے درجہ بندی کی گئی ہے۔

ساکھ کے لحاظ سے فہرست میں لندن کی تین یونیورسٹیاں شامل ہیں جن میں امپیریل کالج لندن 15ویں، یونیورسٹی کالج لندن 20ویں اور لندن سکول آف اکنامکس اینڈ پولیٹیکل سائنس 24ویں نمبر پر ہیں، تاہم یہ ادارے گذشتہ سال کی درجہ بندی کے مقابلے میں تنزلی کا تنزلی کا شکار ہوئے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption کیمبرج اور اوکسفرڈ کا شمار اب بھی دنیا کی پانچ بہترین یونیورسٹیوں میں ہوتا ہے

اس سال یونیورسٹی آف برسٹل اور ڈرہم یونیورسٹی 100 بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست میں جگہ نہیں بنا سکیں جس سے گذشتہ سال کے مقابلے میں 100 بہتریں یونیورسٹیوں میں برطانوی یونیورسٹیوں کی تعداد 12 سے گر کر دس ہوگئی ہے۔

ساکھ کے لحاظ سے دس بہترین تعلیمی ادارے

1۔ ہارورڈ یونیورسٹی، امریکہ

2۔ میساچوسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، امریکہ

3۔ سٹینفورڈ یونیورسٹی، امریکہ

4۔ یونیورسٹی آف کیمبرج، برطانیہ

5۔ یونیورسٹی آف اوکسفرڈ، برطانیہ

6۔ یونیورسٹی آف کیلی فورنیا، برکلی، امریکہ

7۔ پرنسٹن یونیورسٹی، امریکہ

8۔ ییل یونیورسٹی، امریکہ

9۔ کولمبیا یونیورسٹی، امریکہ

10۔ کیلی فورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، امریکہ

ٹائمز ہائر ایجوکیشن کے رینکنگ ایڈیٹر فل بیٹی کہتے ہیں کہ برطانیہ نے اس سال بہت کچھ کھویا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’یہاں تک کہ ملک کے اعلیٰ ترین ادارے بھی نیچے آئے ہیں، کیمبرج اور اوکسفرڈ یونیورسٹیاں دونوں بالترتیب چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر آگئی ہیں۔

‘برطانیہ کی کارکردگی میں تنزلی آئی ہے جبکہ ایشیا اس فہرست میں اوپر آیا ہے۔ اس براعظم کی نمائندگی گذشتہ سال دس سے بڑھ کر 17 ہو گئی ہے۔‘

اسی بارے میں