فلوجہ میں دولت اسلامیہ کی سخت مزاحمت

Image caption ایک اندازے کے مطابق اس شہر میں 50 ہزار کے قریب عام شہری پھنسے ہوئے ہیں

عراقی فوج کی جانب سے شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے گڑھ فلوجہ میں داخل ہونے کے لیے بڑے آپریشن کے آغاز کے بعد شدت پسندوں کی جانب سے سخت مزاحمت کی جا رہی ہے۔

عراق کی حکومتی فورسز کا کہنا ہے کہ انھوں نے شہر کا قبضے دوبارہ حاصل کرنے کے لیے پوری شدت سے حملہ کیا ہے۔

٭ فلوجہ کی آزادی کا راستہ کتنا دشوار گزار ہے؟

٭ فلوجہ میں عام شہریوں کو ’بڑا خطرہ‘ ہے: اقوامِ متحدہ

شہر سے خوفناک لڑائی کی اطللاعات مل رہی ہیں۔ بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق دولتِ اسلامیہ نے بھرپور جوابی کارروائی کی ہے اور جنوبی نواحی علاقوں میں خودکش بمباروں کی مدد سے حملے کیے گئے ہیں۔ لیکن حکومتی فورسز شہر کے اندر الشہدا ضلعے تک پہنچ گئی ہیں۔

شمال مغرب میں حکومتی فورسز کی پیش رفت قدرے سست ہے اور فوج شہر کے مرکز پر قبضہ کرنے میں تاخیرسے کام لے گی کیونکہ ہزاروں شہری اندر پھنسے ہوئے ہیں۔ انھیں وہاں سے نکلنے کا موقع دیا جائے گا۔

خود کو دولت اسلامیہ کہلوانے والی شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ نے سنہ 2014 میں اس شہر پر قبضہ کر لیا تھا۔

ایک اندازے کے مطابق اس شہر میں 50 ہزار کے قریب شہری پھنسے ہوئے ہیں جبکہ چند سو خاندان ہی بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہو سکے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption ایک ہفتہ قبل بغداد کے مغرب میں تقریباً 45 کلومیٹر کے فاصلے پر بڑی تعداد میں زمینی فوج فلوجہ کے قریب تعینات کے گئی تھی

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کچھ ایسی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ لوگ بھوک سے مر رہے ہیں اور دولت اسلامیہ کے لیے لڑنے سے انکار پر قتل کیے جارہے ہیں۔

سرکاری بیان کے مطابق عراقی فوج اور انسداد دہشت گردی یونٹ کے دستے مختلف جانب سے شہر کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق دولت اسلامیہ لڑائی میں خودکش حملے اور کار بم دھماکوں کا استعمال کر رہی ہے۔

تاہم بغداد میں بی بی سی نامہ نگار جم موئر کے مطابق عراقی فوج کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ہدف کی جانب بڑھ رہے ہیں اور تاحال اس لڑائی کا مرکز شہر کی حدود سے باہر دولت اسلامیہ کے دفاعی تنصیبات ہیں۔

لڑائی میں شامل ملیشیا کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ شہر پر دھاوا بولنے سے قبل کچھ وقت کے لیے وقفہ ہوسکتا ہے تاہم شہریوں کا انخلا ممکن ہوسکے۔

خیال رہے کہ فلوجہ اور موصل عراق کے دو اہم شہر ہیں جس پر دولت اسلامیہ نے قبضہ کیا ہوا ہے۔

اسی بارے میں