بقایا نہ ادا کرنے پر پورا ملک ریڈیو ٹی وی نشریات سے محروم

تصویر کے کاپی رائٹ ALAMY
Image caption وانواتو جزائر جنوبی بحرالکاہل میں پھیلے ہوئے 80 جزائر پر محیط ہے اور 1300 کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے

جنوبی بحرالکاہل کے ملک وانواتو کے سرکاری ریڈیو اور ٹی وی کی نشریات بجلی کے بل کی عدم ادائیگی کے سبب پیر کو معطل ہو گئیں۔

ریڈیو نیوزی لینڈ انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق ریڈیو وانواتو اور ٹیلی ویژن بلونگ وانواتو پر مکمل بلیک آؤٹ رہا اور ملک بھر لوگ انھیں سننے یا دیکھنے سے قاصر رہے۔

پیسِفک نیوز ویب سائٹ کے مطابق سرکاری وی بی ٹی سی، جس کے تحت دونوں سروسز کام کرتی ہیں، ان کی بجلی بقایہ جات ادا نہ کرنے کی پاداش میں گذشتہ ہفتے کاٹ دی گئی تھی، لیکن وہ ڈیزل جنریٹر کی مدد سے پروگرام نشر کرتے رہے۔ تاہم یہ انتظام زیادہ دنوں تک نہ چل سکا اور پیر کو ایندھن ختم ہو گیا جس کے نتیجے میں دونوں ٹی وی اور ریڈیو سٹیشن خاموش ہو گئے۔

اطلاعات کے مطابق منگل کو بجلی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے۔ ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ جب وی بی ٹی سی تقریباً ایک لاکھ امریکی ڈالر کے بقایہ جات ادا کرنے سے قاصر رہی تھی تو پہلے بھی ایسا ہی معاملہ پیش آيا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Martin Rietze SPL
Image caption اس علاقے میں آتش فشاں پھٹنا اور طوفان آنا معمول کی بات ہے

گذشتہ ہفتے جب وانواتو کے وزیر اعظم نے تنقید کی تھی کہ نشریات صرف دور افتادہ جزائر ہی پر دستیاب ہیں تو کمپنی کے نئے چیئرمین جونیتھی جیریٹی نے ملک بھر میں ریڈیو کی خدمات فراہم کرنے کا عہد کیا تھا۔

خیال رہے کہ وانواتو جزائر جنوبی بحرالکاہل میں پھیلے ہوئے 80 جزائر پر محیط ہے اور 1300 کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے۔ یہاں آباد لوگ طوفانوں اور آتش فشاں کے پھٹنے کی اہم معلومات کے لیے ریڈیو اور ٹی وی سروسز پر انحصار کرتے ہیں۔ یہ آفات اس علاقے میں بہت عام ہیں۔

اسی بارے میں