سینڈرز کلنٹن کے ساتھ کام کرنے پر راضی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

ورمونٹ کے سینیٹر برنی سینڈرز نے ڈیموکریٹک پارٹی کی ممکنہ صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کے ساتھ کام کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

سینڈرز نے ایک تقریر میں اپنے حامیوں سے کہا کہ یہ بات بہت اہم ہے کہ وہ ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس کی دوڑ جیتنے سے روکیں۔

٭ برنی سینڈرز: مقابلہ تو دلِ ناتواں نے خوب کیا

٭ صدر اوباما نے سرکاری طور پر ہلیری کی حمایت کر دی

٭ ’ہلیری ڈیموکریٹک پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب‘

انھوں نے ڈیموکریٹک پارٹی میں ’تبدیلی لانے‘ کے لیے بھی کام کرنےکا وعدہ کیا۔

واضح رہے کہ برنی سینڈرز نے گذشتہ ہفتے ہلیری کلنٹن کی جانب سے ڈیموکریٹک پارٹی کی موثر طریقے سے نامزدگی حاصل کرنے کے بعد اپنی مہم کو ختم کرنے کی مزاحمت کی ہے۔

انھوں نے 22 امریکی ریاستوں میں فتح حاصل کی اور ایک کروڑ، 20 لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کیے تاہم ہلیری کلنٹن نے ان کے مقابلے میں ایک کروڑ، 60 لاکھ ووٹ حاصل کیے۔

برنی سینڈرز نے جمعرات کو اپنے آبائی علاقے برلنگٹن میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے اپنے حامیوں کو اپنی مہم ختم کرنے کا اشارہ دیا۔

اپنے خطاب میں انھوں نے کہا ’اگلے پانچ مہینوں کےدوران ہمارا سب سے بڑا سیاسی ہدف یہ ہو گا کہ ہم ڈونلڈ ٹرمپ کی شکست کو یقینی بنائیں۔انھیں بری طرح شکست دیں اور اس مقصد کے لیے میں ذاتی طور پر اپنا رول شروع کرنا چاہتا ہوں۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا ’اس میں کوئی راز نہیں‘ کہ میں نے ہلیری کلنٹن کے ساتھ ’بہت زیادہ اہم موضوعات پر شدید اختلافات کے باوجود‘ منگل کی رات ملاقات کی۔

اسی بارے میں