برسلز:شاپنگ مال میں بم کی اطلاع، ایک شخص گرفتار

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption حکام کے مطابق ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے

یورپی ملک بیلجیئم کے حکام کا کہنا ہے کہ بم کی اطلاع ملنے کے بعد برسلز کے ایک شاپنگ مال میں انسداد دہشتگردی کے آپریشن میں ایک شخص کو گرفتار کیا گيا ہے۔

بیلجیئم کے میڈیا کے مطابق ایک شخص نے منگل کی صبح کو پولیس کو فون کر کے بتایا کہ اس نے دھماکہ خیز مواد پہن رکھا ہے۔

دوسری اطلاعات کے مطابق سکیورٹی سروسز کا کہنا ہے کہ اس شخص کے پاس سے کوئی دھماکہ خیز مواد نہیں ملا۔

آپریشن کے دوران سٹی ٹو نامی اس شاپنگ مال کے اردگرد تمام گلیوں کو کو بند کر دیا گیا ہے جب کہ جائے وقوع پر بم ڈسپوزل یونٹ پہنچ گئے۔

اطلاعات کے مطابق بیلجیئم کے وزیر اعظم چارلس میشل قومی بحران سے نمٹنے والے محکمے کے ساتھ ہنگامی اجلاس کر رہے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption آپریشن ابھی جاری ہے

انھوں نے کہا ہے ’ابھی حالات قابو میں ہیں‘ تاہم انھوں نے سکیورٹی سروسز کو ’انتہائي چوکنا‘ رہنے کے لیے کہا ہے۔

گذشتہ ہفتے بیلجیئم کے میڈیا میں آنے والی خبروں میں کہا گیا تھا کہ سٹی ٹو شاپنگ مال سمیت دیگر شاپنگ سینٹرز پر حملے کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔

ان خبروں کے بعد وہاں سکیورٹی میں اضافہ کیا گیا تھا۔

مارچ میں برسلز کے ایئرپورٹ اور شہر کی میٹرو میں ہونے والے بم حملے میں 32 افراد ہلاک ہوئے تھے اور ان حملوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ نے قبول کی تھی۔

اسی بارے میں