آنکھ کھلی تو پانچ میٹر لمبا سانپ گھر میں پایا

Image caption سانپ کئی سالوں سے گھر کی چھت پر رہ رہا تھا

آسٹریلیا کی ایک خاتون ایک صبح نیند سے جاگیں تو انھوں نے اپنے بیڈ روم میں پانچ میٹر لمبا سانپ رینگتا دیکھا۔

کوئنز لینڈ میں رہنے والی ٹرینا ہبرڈ جب صبح اپنی نیند سےبیدار ہوئیں تو انھوں نے دیکھا کہ پانچ میٹر سے بھی لمبا سانپ ان کے ڈرائنگ روم اور بیڈ روم کے درمیان رینگ رہا ہے۔

یہ سانپ جس کا نام مونٹی رکھا گیا ہے اسے پکڑنے کے لیے ڈیو گڈون نام کے سپیرے کو بلایا گیا۔

گڈون نے بی بی سی کو بتایا کہ سانپ کا وزن چالیس کلو گرام ہے اور جب وہ اس سانپ کو پکڑنے کی کوشش کر رہے تھے تو اس نے ان کا بازو اتنی سختی سے جکڑا کہ انہیں محسوس ہوا کے جیسے ان کا بازو کٹ جائے گا۔

گڈون نے بتایا کہ سانپ بہت لمبا تھا اس لیے اسے پکڑنے میں کافی دشواری پیش آئی۔

ٹرینا ہبرڈ نے جو ان کے ساتھ رہ رہی تھیں بتایا کہ ان کی ایک دوست نے پہلے اس سانپ کو چھت پر دیکھا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ غالباً یہ سانپ پچھلےکئی سال سے گھر کی چھت پر رہ رہا تھا۔

سانپ کو اب مقامی کونسل کے ایک تالاب میں منتقل کر دیا گیا ہے۔