برطانیہ: آدھی شیڈو کابینہ کا مستعفی ہونے کا امکان

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption شیڈو کابینہ کے ان ارکان کا موقف ہے کہ حالیہ ریفرنڈم میں جرمی کوربن نے بے دلی سے مہم چلائی تھی

یورپی یونین سے علیحدگی کے ریفرینڈم کے بعد برطانیہ کی لیبر پارٹی میں ایک قسم کا سیاسی بحران نظر آ رہا ہے اور اطلاعات کے مطابق پارٹی کے سربراہ جرمی کوربن پر عدم اعتماد کے اظہار کے طور پر آدھی شیڈو کابینہ مستعفی ہونے جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ رات لیبر پارٹی کے سربراہ نے شیڈو کابینہ میں وزیرِ خارجہ کے فرائض سر انجام دینے والے ہلیری بن کو برطرف کر دیا تھا۔ ہلیری بن کی بر طرفی کی وجہ ان کا وہ بیان بنا تھا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ جرمی کوربن بطور جماعت کے سربراہ ان کا اعتماد کھو بیٹھے ہیں۔

ہلیری بن کی برطرفی کے بعد شیڈو کابینہ کی ایک اور وزیر ہیڈی ایلکسزینڈر احتجاجاً مستعفی ہوگئی تھیں۔

اطلاعات کے مطابق شیڈو کابینہ کے ان ارکان کا موقف ہے کہ حالیہ ریفرنڈم میں جرمی کوربن نے بے دلی سے مہم چلائی تھی اور ریفرنڈم میں جرمی کے موقف کی شکست کے بعد ان کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔

پیر کو لیبر پارٹی کے ارکینِ پارلیمنٹ کی جانب سے جرمی کوربن کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق اس بات کا قوی امکان ہے کہ اگر لیبر پارٹی کے نئے سربراہ کے لیے الیکشن ہوتا ہے تو جرمی کوربن بھی اس میں حصہ لیں گے۔تاہم کچھ لیبر پارٹی کے ذرائع اس بات سے اتفاق نہیں کرتے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ہلیری بن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ مسٹر کوربن کا اعتماد کھو چکے تھے

دریں اثنا شیڈو کابینہ کے ایک رکن نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میرا خیال ہے کہ جماعت کے سربراہ کے چناؤ کے لیے انتخاب ہو گا اور جرمی دوبارہ جیت جائیں گے۔ یہ سب بلکل غیر ضروری ہے۔‘

دوسری جانب جرمی کوربن کی جانب سے برطرف کیے جانے والے ہیلری بن نے بی بی سی کے ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ ریفرنڈم کے نتیجے کے بعد ہمارا ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے، حزبِ اختلاف کے طور پر بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ لیبر پارٹی کی قیادت مضبوط اور موثر ہو۔‘

ہلیری بن کا مزید کہنا تھا کہ جب تک جرمی کوربن لیبر کے سربراہ ہیں جماعت عام انتخابات نہیں جیت سکتی۔

اس سے قبل جمعے کو وزیر اعظم ڈیوڈ کمیرون نے کہا تھا کہ وہ اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے تاکہ ان کے جانشین کو یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی پر بات چیت کا موقع مل سکے۔

اسی بارے میں