دریائے نیل میں حادثہ، چار پاکستانی ہلاک

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں حکام کا کہنا ہے کہ دریائے نیل میں کشتی ڈوبنے کے واقعے میں چار پاکستانی ڈوب گئے ہیں جبکہ دیگر چھ پاکستانیوں کو بچا لیا گیا ہے۔

یہ واقعہ منگل کی رات کو پیش آیا جب کشتی ایک پل سے ٹکرا گئی۔

ایمرجنسی ٹیم نے ایک مرد کی لاش نکال لی ہے جبکہ ایک عورت اور ان کے دو بچوں کی تلاش جاری ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کشتی کے حادثے میں ہلاک ہونے والے چاروں افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

دریائے نیل میں کشتی کے حادثات معمول ہیں جہاں سامان سے لدی کشتیوں کے علاوہ فیریز بھی چلتی ہیں۔

رواں سال کے آغاز میں فیری ڈوب جانے کے واقعے میں 15 افراد ہلاک ہوئے تھے۔