ٹرمپ کی حمایت نہ کرنے پر ٹیڈ کروز کی تضحیک

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption کنونشن سے خطاب میں ٹیڈ کروز نے ٹرمپ کی حمایت کے بجائے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ووٹنگ میں ریپبلکنز اصولوں اور قدروں کی فتح ہو

امریکہ میں ریپبلکنز پارٹی کے نیشنل کنونشن میں پارٹی کے رہنما ٹیڈ کروز نے چونکہ اپنے خطاب میں صدارتی امید وار ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کا اعلان نہیں کیا اس لیے وہاں جمع مندوبین نے ان کا مذاق اڑایا۔

ریاست ٹیکسس سے سینیٹر ٹیڈ کروز بھی ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہی صدارتی امیدوار کی ریس میں شامل تھے لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوئے۔ اس مقابلے میں دونوں ایک دوسرے کے سخت ترین حریف تھے۔

ٹرمپ کو کامیابی ملی اور پارٹی انھیں آئندہ نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے باضابطہ طور پر اپنا امیدوار تسلیم کر چکی ہے۔

اس کنونشن سے خطاب میں ٹیڈ کروز نے ٹرمپ کی حمایت کے بجائے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ووٹنگ میں ریپبلکنز اصولوں اور قدروں کی فتح ہو۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption کنونشن کے اختتام پر جمعرات کو ہی ڈونلڈ ٹرمپ باقاعدہ طور پر صدارت کی امیداوری کو تسلیم کریں گے

چونکہ انھوں نے ٹرمپ کی واضح طور پر حمایت نہیں کی اس لیے بہت سے مندوبین اور لوگ خطاب کے دوران ان پر جملے کستے رہے اور ان کا مذاق اڑایا۔

نیو جرسی کے گورنر کرس کرسٹی نے ان پر نکتہ چینی کے انداز میں کہا کہ ان کا خطاب خوفناک اور خود اپنے لیے تھا۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ٹیڈ کروز جماعت کے ایک بڑے رہنما ہیں اور ان کا کھل کر ٹرمپ کی حمایت سے انکار کرنا کوئی چھوٹی بات نہیں ہے اور یہ اس بات کا مظہر ہے کہ ریبلکنز جماعت میں ٹرمپ کے حوالے سے اب بھی شدید اختلافات برقرار ہیں۔

ٹیڈ کروز کے بعد اس کنونشن سے مارک پینس نے خطاب کیا جنھیں ٹرمپ نے نائب صدارت کے لیے نامزد کیا ہے۔ انھوں نے ٹرمپ کی زبردست حمایت کی اور خوب داد لوٹی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

فلوریڈا کے سینیٹر مارک روبیو پہلے ہی ٹرمپ کی حمایت کا اعلان کر چکے ہیں۔ وہ بھی ٹرمپ کے ساتھ ہی صدارتی امیدوار کی ریس میں شامل تھے۔

کنونشن کے اختتام پر جمعرات کو ہی ڈونلڈ ٹرمپ باقاعدہ طور پر صدارت کی امیداوری کو تسلیم کریں گے۔

مبصرین کے مطابق خود رپبلکن پارٹی میں ٹرمپ کے مخالفوں کی کمی نہیں ہے۔ چند روز قبل ہی ان کے مخالفین نے ان کی نامزدگی کا راستہ روکنے کے لیےرائے شماری کروانے کی کوشش کی تھی جو ناکام رہی تھی۔

ٹرمپ کا مقابلہ ڈیموکریٹ پارٹی کی امیدوار ہلیری کلنٹن سے ہو گا۔

اسی بارے میں