سوئس گھڑیوں کا شوق پابندیوں کی زد میں

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption کِم جونگ اُن نہ صرف اپنے لیے یہ قیمتی گھڑیاں پسند کرتے ہیں بلکہ وہ یہ پارٹی رہنماؤں کو تحفے میں بھی دیتے ہیں۔

شمالی کوریا میں سوئٹزر لینڈ کی مشہور مہنگی گھڑیوں کی درآمد پر اقوام متحدہ کی پابندیوں کے بعد ملک کے رہنما کِم جونگ اُن کا سوئس گھڑیوں کا شوق بھی متاثر ہوا ہے۔

اقوامِ متحدہ کی جانب سے پرتعیش گھڑیوں پر پابندی فیصلے کے بعد سوئزلینڈ کی حکومت نے شمالی کوریا کو ایسی گھڑیوں کی برآمد روک دی ہے۔

امریکہ کے حمایت یافتہ ’ریڈیو فری ایشیا‘ کے مطابق گذشتہ دو ماہ میں شمالی کوریا کو ایک بھی گھڑی نہیں فروخت کی گئی۔

شمالی کوریا کے رہنما کو اکثر تصاویر میں مہنگی گھڑیاں پہنے دیکھا گیا ہے اور ایک عرصے سے کہا جا رہا تھا کہ اقوامِ متحدہ کی پابندیوں کے باوجود یہ گھڑیاں شمالی کوریا پہنچ رہی ہیں۔

شمالی کوریا کے جوہری پروگرام اور بیلیسٹک میزائل منصوبوں کی وجہ سے اقوامِ متحدہ نے شمالی کوریا کے لیے پر تعیش اشیا کی برآمد پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کمِ جونگ اُن اور ان کی بہن کِم یو جونگ جو اب پارٹی کی اعلی عہدے دار بھی ہیں دونوں نے سوئٹزرینڈ میں تعلیم حاصل کی اور کم جونگ کو مغربی ثقافت کی کئی چیزیں بہت پسند بھی ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption شمالی کوریا کے جوہری پروگرام اور بیلیسٹک میزائل مصنوبوں کی وجہ سے اقوامِ متحدہ نے شمالی کوریا کے لیے پر تعیش اشیا کی برآمد پر پابندی عائد کر رکھی ہے

جنوبی کوریا کے ایک اخبار جُونگ انگ کے مطابق سوئٹزرلینڈ کی گھڑیاں بنانے کی صنعت نے تصدیق کی ہے کہ یہ برآمدات روک دی گئی ہیں۔

کِم جونگ اُن نہ صرف اپنے لیے یہ قیمتی گھڑیاں پسند کرتے ہیں بلکہ وہ اس قسم کی گھڑیاں اپنی پارٹی رہنماؤں کو تحفے میں بھی دیتے ہیں۔

سنہ 2012 میں ان گھڑیوں کی زیادہ سے زیادہ قیمت دو لاکھ 20 ہزار امریکی ڈالر تک رہی ہے۔

سوئزلینڈ نے نہ صرف گھڑیوں کی برآمد معطل کی ہے بلکہ وہاں موجود شمالی کوریا کے باشندوں کے اثاثے بھی مننجمد کر دیے گئے ہیں۔

اس سے پہلے سوئزلینڈ نے شمالی کوریا کے لیے سردیوں کے سپورٹس کے لیے سکی لفٹ کی فروخت سے بھی انکار کر دیا تھا جسے پیانگیانگ نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔ جس کے بعد شمالی کوریا نے یہ لفٹس چین سے خریدیں اور اسے ایک پرتعیش چیز کے بجائے عوام کی ضرورت کا سامان قرار دیا گیا۔

اسی بارے میں