ٹیکساس میں فائرنگ کے دو واقعات، ایک ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ doritosrTwitter

امریکی ریاست ٹیکساس میں پولیس کا کہنا ہے کہ شہر آسٹن میں ہونے والے فائرنگ کے دو واقعات میں ایک شخص ہلاک جبکہ چار زخمی ہوگئے ہیں۔

آسٹن پولیس کے مطابق جن دو مقامات پر فائرنگ ہوئی ہے وہ اب محفوظ ہیں اور زخمی ہونے والے چاروں افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

فائرنگ کے یہ وقعات شہر کے تفریحی ضلع میں پیش آئے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بار کے باہر ایک شخص زمین پر پڑا ہے جسے پولیس اہلکاروں نے گھیرا ہوا ہے جبکہ گھوڑوں پر سوار بعض پولیس اہلکار وہاں موجود دیگر افراد کو پیچھے دھکیل رہے ہیں۔

پولیس کی جانب سے آن لائن نشر کی جانے والے بریفنگ میں بتایا ہے کہ یہ حادثہ ایک بار میں مقامی وقت کے مطابق دو بج کر 17 منٹ پر ’دو افراد کے درمیان ہاتھا پائی‘ کے نتیجے میں پیش آیا۔ اس کے بعد مشتبہ شخص نے وہاں موجود ہجوم پر فائرنگ کر دی۔

پولیس کے مطابق اس واقعے میں ہلاک ہونے والی خاتون کی عمر 20 سال کے قریب بتائی جا رہی ہے جبکہ دیگر تین خواتین جو کہ زخمی ہیں اور انھیں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ان کی عمریں 30 سال کے قریب ہیں۔

اس کے علاوہ فائرنگ کا دوسرا واقعہ چند بلاک دور ہی پیش آیا۔ پولیس کے مطابق ایک پارکننگ گیراج میں فائرنگ کی گئی جس میں ایک 20 سالہ لڑکا زخمی ہوا، جو اس وقت ہسپتال میں ہے۔ پولیس نے اس واقعے کو ’حملہ‘ قرار دیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ایسا خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ لڑکا فائرنگ کرنے والا شخص ہی ہے۔

اسی بارے میں