ترک بغاوت:’صدر کو پکڑنے کے لیے جانے والے فوجی گرفتار‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

ترک حکام نے کچھ ایسے فوجی کمانڈوز کو حراست میں لے لیا ہے جن پر شبہ ہے کہ انھیں دو ہفتے قبل ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کے وقت صدر رجب طیب اردوغان کو پکڑنے کے لیے بھیجا گیا تھا۔

15 جولائی کی شب ہونے والی بغاوت کی کوشش کے وقت صدر اردوغان ملک کے جنوب مغربی تفریحی مقام مارمارس میں موجود تھے تاہم انھوں نے اپنے ہوٹل پر چھاپے سے قبل ہی وہ جگہ چھوڑ دی تھی۔

٭ مسلح افواج پر براہِ راست کنٹرول چاہتا ہوں: اردوغان

٭ ’ناکام بغاوت میں نو ہزار فوجی شریک تھے‘

یہ افراد بھگوڑے ہو گئے تھے اور اطلاعات کے مطابق ترک سپیشل فورسز نے ان فوجیوں کو مارمارس کے نزدیک ایک جنگل سے حراست میں لیا۔

اطلاعات کے مطابق جنگل میں چھپے باغی فوجیوں کو مقامی دیہاتیوں نے اس وقت دیکھا جب وہ وہاں شکار کر رہے تھے۔

ان فوجیوں کی گرفتاری کے لیے کی جانے والی کارروائی کے دوران فائرنگ بھی ہوئی تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

اناتولو نیوز ایجنسی کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب گرفتار کیے جانے والے ان فوجیوں کی تعداد 11 ہے اور ان میں میجر سکرو سیمن بھی شامل ہیں جو اس دستے کے کمانڈر تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption ناکام بغاوت کی رات صدر اردوغان نے اپنے موبائل فون کی مدد سے ٹی وی پر دیے گئے پیغام میں کہا تھا کہ وہ بمشکل جان بچانے میں کامیاب ہوئے ہیں

ترک خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں شامل فوجی سکواڈ کے 20 دیگر ارکان پہلے ہی گرفتار کیے جا چکے ہیں اور مقدمہ چلائے جانے کے منتظر ہیں۔

خیال رہے کہ ناکام بغاوت کی رات صدر اردوغان نے اپنے موبائل فون کی مدد سے ٹی وی پر دیے گئے پیغام میں کہا تھا کہ وہ بمشکل جان بچانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کے بعد سے ترکی میں اس عمل میں ملوث افراد کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن جاری ہے۔

اس کریک ڈاؤن کے دوران اب تک ملک کی فوج، عدلیہ، سول سروس اور محکمۂ تعلیم سے دسیوں ہزاروں افراد کو برطرف، معطل اور گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ 50 ہزار سے زیادہ افراد کے پاسپورٹ منسوخ کیے جا چکے ہیں۔

اس کے علاوہ ملک میں میڈیا سے تعلق رکھنے والے 142 اداروں کو بند کیا جا چکا ہےاور متعدد صحافی بھی زیرِ حراست ہیں۔

ترک حکام امریکہ میں خود ساختہ جلاوطنی کی زندگی گزارنے والے مبلغ فتح اللہ گولن کو اس بغاوت کی کوشش کا منصوبہ ساز قرار دیتے ہیں تاہم وہ اس الزام سے انکار کرتے ہیں۔.

اسی بارے میں