مقدونیہ: آندھی اور سیلاب سے 20 افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ EPA

مقدونیہ کے دارالحکومت سکوپیے میں آنے والی آندھی اور سیلاب کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق مرنے والوں کی لاشیں اتوار کی صبح مل گئی تھیں، تاہم ابھی بھی چھ افراد لاپتہ ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سے کچھ لوگ اس وقت سیلابی ریلے کی زد میں آ گئے جب وہ اپنی کاروں پر سفر کر رہے تھے۔

سیلابی ریلے کے نتیجے میں شہر کی سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ کچھ کاریں پانی میں بہہ کر قریبی کھیتوں میں جا پہنچیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA

مقدونیہ کے دارالحکومت میں آنے والے اس طوفان کے دوران نو سینٹی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

سکوپیے کے میئر نے طوفان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ ایک آفت تھی اور آج سے پہلے ہم نے کبھی ایسی کوئی چیز نہیں دیکھی۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ EPA

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق سکوپیے میں آنے والے اس طوفان کے نتیجے میں زخمی ہونے والے تقریباً 20 افراد کو ہسپتال میں طبی امداد دی گئی ہے۔

طوفان کے بعد شہر بھر سے امدادی اداروں کو مدد کے لیے کالز موصول ہوئی تھیں جس کے بعد مدد کے لیے فوج کو بھی طلب کیا گیا تھا۔

ادھر ملک کے شمال مشرق میں مٹی کے تودے گرنے سے تین گاؤں کا ملک سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

ملک میں اتوار کو مزید بارشوں کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔

اسی بارے میں