سپین میں ٹرین حادثہ، کم از کم تین افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption ہلاک ہونے والوں میں ٹرین کا پرتگالی ڈرائیور بھی شامل ہے

سپین کے جنوب مغربی علاقےمیں او پورینو کے قریب ایک ٹرین پٹری سے اتر جانے سے کم از کم تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ایل پیس نیوز ویب سائٹ کے مطابق پرتگالی ٹرین میں 60 مسافر سوار تھے جب وہ جمعے کو مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے نو بجے (7:30 جی ایم ٹی) مقامی ریلوے سٹیشن کے قریب پٹری سے اتر گئی۔

حادثے میں ایک بوگی پٹری سے مکمل طور پر اتر گئی جبکہ دو جزوی طور پر اتریں۔

حادثے کی بعد علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

او پورینو پرتگال کی سرحد کے قریب واقع شہر ویگو کے جنوب میں واقع ہے۔

خیال رہے کہ جولائی 2013 میں سپین کے اسی علاقے میں ٹرین کا بدترین حادثہ پیش آیا تھا جب تیز رفتار ٹرین سان تیاگو ڈی کومپوستیلا کے قریب پٹری سے اتر گئی تھی۔

اس حادثے میں 79 افراد ہلاک اور 170 کے قریب زخمی ہوئے تھے اور حادثے کی وجہ ایک موڑ سے قبل ڈرائیور کی جانب سے بریک لگانے میں ناکامی بتائی گئی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption او پورینو پرتگال کی سرحد کے قریب واقع شہر ویگو کے جنوب میں واقع ہے

ایل پیس کے مطابق جمعے کو ہونے والے حادثہ بظاہر ایک موڑ کے دوران ٹرین کے ایک پل کے حصے سے ٹکرانے کے دوران پیش آیا۔

ہلاک ہونے والوں میں ٹرین کا پرتگالی ڈرائیور بھی شامل ہے۔

اس ٹرین کا آپریٹر کمبوئیس ڈی پرتگال ہے اور یہ ویگو سے اوپورٹو جارہی تھی۔

ایل پیسو کے مطابق زخمی ہونے والوں کی صحیح تعداد تاحال واضح نہیں ہے تاہم بہت سارے افراد حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین سے باہر نکلنے میں کامیاب رہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں