اوباما نے پہلے ’افریقن امریکن میوزیم‘ کا افتتاح کر دیا

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption تاہم کانگریس نے سنہ 2003 میں اس عجائب گھر کی تعمیر کی منظوری دی تھی

امریکہ کے پہلے سیاہ فام صدر نے باضابطہ طور پر افریقن امریکن تاریخ سے متعلق ملک کے پہلے میوزیم کا افتتاح کر دیا ہے۔

براک اوباما نے واشنگٹن ڈی سی میں واقع اس میوزیم کو ’آزادی کے لیے کیا گیا مشترکہ سفر‘ قرار دیا ہے۔

54 کروڑ ڈالر کی لاگت سے تعمیر کیا گیا یہ میوزیم واشنگٹن ڈی سی کے نیشنل مال پر واقع ہے اور اسے برطانوی معمار ڈیوڈ ایڈجے نے ڈیزائن کیا ہے۔

٭ سیاہ فاموں’کے پاس کھونے کو بچا ہی کیا ہے‘

٭ ہم اتنے منقسم نہیں جتنے بظاہر نظر آ رہے ہیں: اوباما

اس موقع پر ملک کے سابق صدر جارج ڈبلیو بش بھی وہاں موجود تھے جنھوں نے سنہ 2003 میں اس کی تعمیر سے متعلقہ بل پر دستخط کیے تھے۔

سنیچر کو افتتاحی تقریب میں اوباما نے افریقی نژاد امریکیوں پر زور دیا کہ ’یہاں آئیں اور اپنی تاریخ کی طاقت دیکھیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption اس موقع پر ملک کے سابق صدر جارج ڈبلیو بش بھی وہاں موجود تھے

انھوں نے کہا کہ ’آج کا یہ دن ثابت کرتا ہے کہ امریکہ مکمل طور پر کامل نہیں ہے لیکن یہ ملک کے قیام کے خیال اجاگر کرتا ہے کہ یہ ملک تبدیلی سے، انقلاب سے، ہم لوگوں سے وجود میں آیا ہے اور یہ ملک اور بھی بہتر ہو سکتا ہے۔‘

اس کے بعد براک اوباما نے امریکہ کی سب سے پرانے سیاہ فاموں کے چرچ کی گھنٹی بجا کر باضابطہ طور پر میوزیم کا افتتاح کیا۔

اس میوزیم میں 36,000 اشیا ہیں جن افریقہ میں غلام خریدنے کے لیے استعمال کیے جانے والے پرانے سامان سے لے کر سنہ 1920 کی دہائی سے ایک ریلوے کار اور راک موسیقار چک بیری کی ایک سرخ رنگ کی کار شامل ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption براک اوباما نے امریکہ کی سب سے پرانے سیاہ فاموں کے چرچ کی گھنٹی بجا کر باضابطہ طور پر میوزیم کا افتتاح کیا

واشنگٹن میں بی بی سی کے نامہ نگار نک برائنٹ کا کہنا ہے کہ میوزیم میں نمائش کے لیے رکھے گئے کچھ نمونے غلامی کے دور کی عکاسی کرتے ہیں جبکہ کچھ یہ ظاہر کرتے ہیں کہ کس طرح سیاہ فام لوگوں کی ثقافت نے امریکی ثقافت کو بیان کیا۔

امریکہ کے خانہ جنگی میں شامل رہنے والے سیاہ فام فوجیوں نے سنہ 1915 میں افریقی امریکی میوزیم کی تجویز پیش کی تھی۔

تاہم کانگریس نے سنہ 2003 میں اس کی تعمیر کی منظوری دی۔ 37,200 مربع میٹر میں پھیلے اس عجائب گھر کو مکمل کرنے میں تقریباً چار سال لگے۔

ملک میں میوزیم کے افتتاح کا جشن کے تین دنوں تک منایا جائے گا جس میں گیت موسیقی کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption راک موسیقار چک بیری کی کار بھی نمائش کے لیے رکھی گئی ہے

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں