’زکوٹا جن‘ کے نام سے مقبول اداکار منا لاہوری انتقال کر گئے

منا لاہوری

نوے کی دہائی میں ٹی وی ڈرامہ ’عینک والا جن‘ سے شہرت پانے والے اداکار منا لاہوری کا لاہور میں انتقال ہوگیا ہے۔

سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق منا لاہوری کی عمر 68 برس تھی اور وہ میو ہسپتال لاہور میں زیر علاج تھے۔

منا لاہوری کا اصل نام مطلوب الرحمان تھا اور گذشتہ کئی برسوں سے فالج کے مرض میں مبتلا تھے۔

انھیں نوے کی دہائی میں پی ٹی وی لاہور سینٹر سے نشر ہونے والے بچوں کے ٹی وی ڈرامہ ’عینک والا جن‘ کے کردار زکوٹا جن سے شہرت ملی تھی اور ان کا ایک ڈائیلاگ ’مجھے کام بتاؤ، میں کیا کروں، میں کس کو کھاؤں‘ زبان زد عام ہوا۔

منا لاہور ٹی وی کے علاوہ تھیٹر میں بھی اداکاری کے جوہر دکھاتے رہے تھے تاہم بیماری کے باعث وہ کئی برسوں سے فن کا مظاہرہ نہیں کر رہے تھے۔

ان کی اہلیہ رخسانہ نے بی بی سی اردو کو ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ گوجرانوالہ میں سٹیج ڈرامے کے دوران منا لاہوری پر فالج کا حملہ ہوا تھا جس سے ان کے جسم کا دایاں حصہ مفلوج ہوگیا اور اب تو وہ ٹھیک طرح سے بول بھی نہیں پاتے تھے۔

منا لاہوری عرف زکوٹا جن کے چھ بچے ہیں۔ جن میں سے دو بیٹیوں کی شادی ہو چکی ہے جبکہ باقی چار ابھی زیرکفالت ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں