ایشیا کرکٹ کپ بھی امارات منتقل

  • عبدالرشید شکور
  • بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
کرکٹ

،تصویر کا ذریعہAFP

ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کو انڈیا سے متحدہ عرب امارات منتقل کر دیا ہے۔

یہ فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل کے کوالا لمپور میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ پاکستان اور انڈیا کے کشیدہ تعلقات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

یہ ٹورنامنٹ اس سال 13 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا جس میں چھ ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پاکستان، انڈیا، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان شامل ہیں جبکہ چھٹی ٹیم کوالیفائنگ راؤنڈ سے منتخب ہوگی۔ چھ ٹیموں کا یہ کوالیفائنگ راؤنڈ ملائشیا میں کھیلا جائے گا۔

ایشین کرکٹ کونسل نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ ایشین ایمرجنگ نیشنز کپ ا س سال دسمبر میں پاکستان میں ہی ہوگا تاہم انڈین ٹیم اپنے میچ سری لنکا میں کھیلے گی۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس سے قبل یہ سخت موقف اختیار کیا تھا کہ اگر انڈیا نے ایشین ایمرجنگ نیشنز کپ میں اپنی ٹیم نہیں بھیجی تو پاکستان بھی ایشیا کپ میں اپنی ٹیم انڈیا نہیں بھیجے گا۔