راجستھان میں انڈین فضائیہ کی بڑی جنگی مشقیں

انڈین فضائیہ تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

انڈیا کی فضائیہ نے کشمیر کے علاقے پلوامہ میں سکیورٹی فورسز پر حملے کے بعد پاکستان کی سرحد سے متصل ریاست راجستھان میں بڑی فضائی مشقیں کی ہیں جن میں فضائیہ میں شامل ہر قسم کے جہازوں اور ہیلی کاپٹروں نے حصہ لیا ہے۔

انڈیا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق یہ فضائی مشقیں پوکھران کے علاقے میں کی گئیں اور ان میں بھرپور فائر پاور کا مظاہرہ کیا گیا۔ انڈیا کے کئی ذرائع ابلاغ میں یہ بات بھی کہی جا رہی ہے کہ یہ مشقیں کرانے کا منصوبہ بہت پہلے بنا لیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ یہ مشقیں ایک ایسے وقت کی گئیں ہیں جب انڈیا کی مختلف ریاستوں میں پلوامہ کے حملے کا نشانہ بننے والے فوجیوں کے جنازے ان کے آبائی علاقوں میں پہنچے ہیں اور انڈیا میں پاکستان مخالف جذبات اپنے عروج پر ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی سمیت تمام سیاسی اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کی طرف سے اس مرتبہ ٹھوس کارروائی کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں۔

نریندر مودی اس سلسلے میں فوج کو پہلے ہی اجازت دے چکے ہیں کہ وہ جو چاہیں اور جس وقت چاہیں کارروائی کر سکتے ہیں۔

وایو شکتی نامی ان فضائی مشقوں میں انڈین فضائیہ نے مقامی طور بنائے گئے ہلکے لڑاکا طیارے تیجا، ایڈوانس لائٹ ہیلی کاپٹروں، زمین سے فضا میں مار کرنے والے آکاش اور فضا سے فضا میں مار کرنے والے استرا میزائلوں کو بھی آزمایا۔

پی ٹی آئی کے مطابق لڑاکا طیاروں نے دن کی روشنی اور رات کی تاریکی میں بھی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔

یہ پہلی مرتبہ ہے کہ انڈین فضائیہ نے مقامی طور پر بنائے گئے ہلکے حملہ آوور ہیلی کاپٹروں اور آکاش میزائلوں کا جنگی مشقوں کے دوران استعمال کیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

انڈین ایئر فورس نے روسی ساخت کے بہتر بنائے گئے مگ 29 طیاروں کو زمینی اہداف کو نشانے بنانے کے لیے استعمال کیا۔

ان مشقوں میں مجموعی طور پر 137 طیاروں جن میں ایس یو تھرٹی، میراج 2000 ، جیگوار اور مگ 21، مگ 27، اور مگ 29 اور آیی ایل 78 ہرکولیس اور ایے این 32 نے بھی حصہ لیا۔

انڈین فوج کے سربراہ بپن راوت کے علاوہ مختلف ملکوں کے دفاعی اتاشیوں نے بھی ان مشقوں کا مشاہدہ کیا۔

اسی بارے میں