پاکستانی فنکاروں پر پابندی پر حکومتی فیصلہ تسلیم کریں گے: امیتابھ بچن

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption امیتابھ بچن کا کہنا ہے کہ اگر حکومت کا حکم ہوتا ہے کہ کسی خاص آرٹسٹ کے ساتھ کام نہیں کرنا ہے تو ہم نہیں کریں گے

انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے سبب بعض سیاسی جماعتیں بالی وڈ میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی لگانے کا مطالبہ کر رہی ہیں لیکن اداکار سلمان خان اور کرن جوہر جیسی فلمی دنیا کی بعض بڑی شخصیات نے اس مطالبے کی مخالفت کی ہے۔

اس بارے میں بی بی سی نے بالی وڈ میں 'شہنشاہ' کے نام سے معروف امیتابھ بچن کی رائے جاننے کی کوشش کی۔

بی بی سی نے جب ان سے یہ سوال کیا تو اپنے معروف انداز میں انھوں نے کہا: 'ہماری حکومتیں اور ایسوسی ایشنز جو فیصلے کریں گی وہ ہمیں تسلیم کرنا ہوگا۔ اگر حکومت کا حکم ہوتا ہے کہ کسی خاص آرٹسٹ کے ساتھ کام نہیں کرنا ہے تو ہم نہیں کریں گے۔'

وہ مزید کہتے ہیں: 'سنہ 1976 میں ایسوسی ایشن نے کچھ فنکاروں پر فلموں میں کام کرنے پر محدود پابندی لگائی تھی۔ اس اصول کے مطابق کچھ آرٹسٹ ایک سال میں چھ سے زیادہ فلمیں نہیں کر سکتے تھے اور اس پر باقا‏عدہ عمل کیا گیا تھا۔'

امیتابھ نے اسی موضوع پر بات کرتے ہوئے آگے کہا: 'جب اپنے ملک کے فنکاروں پر پابندی لگائی جا سکتی ہے، تو کسی پر بھی پابندی لگائی جا سکتی ہے، اور ہمیں اس پابندی پر عمل کرنا چاہیے.'

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter
Image caption کنٹرول لائن پار انڈیا کے سرجیکل سٹرائیک کے دعوے کے بعد امیتابھ بچّن نے اپنے ٹوئٹر اكاٹ سے ایک ٹویٹ کیا تھا کہ بھارتی فوج سے مت الجھنا

کشمیر میں کنٹرول لائن پار انڈیا کے سرجیکل سٹرائیک کرنے کے دعوے کے بعد امیتابھ بچّن نے اپنے ٹوئٹر اكاؤنٹ سے ایک ٹویٹ کیا تھا: 'بھارتی فوج سے مت الجھنا۔'

لیکن اس سے متعلق سوال پر امیتابھ نے اس ٹویٹ کو بھی براہ راست مبینہ سرجیکل سٹرائیک سے مربوط کرنے سے منع کیا۔ ان کا کہنا تھا: 'دیکھیے ہم نے کسی پر طنز یا تبصرہ نہیں کیا۔ یہ تو ہماری فلم میجر صاحب کا ڈائیلاگ تھا، اب تو لوگ سمجھدار ہیں کہ وہ اس کا تعلق کسی سے بھی جوڑ دیتے ہیں۔'

اس سے متعلق بار بار سوال کرنے پر امیتابھ نے مزاحیہ لہجے میں کہا: 'بھائی صاحب، آپ پڑھے لکھے لگتے ہیں آپ کو لگ رہا ہے کہ اسی (سرجیکل سٹرائیک) کے بارے میں ہے تو وہی سمجھ لیجیے۔'

اس پورے انٹرویو کے دوران امیتابھ نے ایک بار بھی پاکستان، مودی یا پھر اوڑی حملے کا ذکر نہیں کیا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں