کم کرڈیشیئن نے ہتکِ عزت کا مقدمہ واپس لیا

کم کرڈیشیئن تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption کم کرڈیشیئن کو رواں ماہ پیرس میں بندوق کے زور پر لوٹ لیا گیا تھا

امریکی ماڈل اور ٹی وی سٹار کم کرڈیشیئن ویسٹ نے ایک ویب سائٹ کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ واپس لے لیا ہے۔

ویب سائٹ نے کہا تھا کہ پیرس میں کم کرڈیشیئن نے اپنے لوٹے جانے کی جھوٹی افواہ پھیلائی تھی۔ ان کے وکیل نے کہا ہے کہ طرفین نے اس مسئلے کو حل کر لیا ہے۔

ریئلٹی سٹار نے ویب سائٹ ’گاسپ سائٹ میڈیا ٹیک آؤٹ‘ کو عدالت میں لے جانے کی بات کی تھی لیکن انھوں نے معافی نامے کے بعد معاملے کو رفع دفع کر دیا ہے۔

ویب سائٹ نے کہا تھا کہ 35 سالہ اداکارہ نے رواں ماہ کے اوائل میں بندوق کے زور پر فرانسیسی دارالحکومت کے ایک لگژری اپارٹمنٹ میں اپنے لوٹے جانے کی جھوٹی خبر پھیلائی تھی۔

کم کرڈیشیئن نے انشورنس کمپنی کو بتایا تھا کہ اُن کے لاکھوں ڈالر کے زیوارت بھی چوری ہو گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں مسلح ڈاکوؤں نے پولیس کی وردی میں کم کرڈیشیئن کو پیرس کے ایک فلیٹ میں بندوق کے زور پر لوٹ لیا تھا اور زیورات کا ڈبہ لے کر فرار ہو گئے تھے۔ جس میں تقریبا 67 لاکھ ڈالر کے زیورات تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption انھیں مرکزی پیرس کے ایک ہوٹل کے کمرے میں لوٹا گیا

ان کے شوہر ریپر کینیے ویسٹ کو جب اس واقعے کا علم ہوا تو وہ نیویارک میں جاری میڈوز فیسٹیول چھوڑ کر قبل از وقت چلے گئے تھے۔

ویسٹ نے اپنے کنسرٹ کے ناظرین سے کہا کہ قبل وہ از وقت اس لیے جا رہے ہیں کہ ان کے 'اہل خانہ کے ساتھ ناگہانی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔'

اُن کے ترجمان کے مطابق کم کرڈیشیئن کو 'اس واقعے میں کوئی چوٹ تو نہیں آئی لیکن وہ ہل کر رہ گئی ہیں۔'

خیال رہے کہ 35 سالہ کم دو بچوں کی ماں ہیں اور انھوں نے موسیقار کانیے ویسٹ سے شادی کی ہے اور وہ اپنی ریئلٹی ٹی وی سیریز کی بدولت امریکہ میں بہت مقبول ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں