پرینکا چوپڑہ کے لیے سٹائل آئیکون ایوارڈ

پرینکا چوپڑہ تصویر کے کاپی رائٹ iStock
Image caption انڈیا کی اداکارہ پرینکا چوپڑہ پہلے مس انڈیا رہیں پھر مس ورلڈ کی فاتح رہیں

بالی وڈ کی معروف اداکارہ پرینکا چوپڑہ کے سر گذشتہ دنوں ایک اور تاج اس وقت سجا جب انھیں بریک آؤٹ سٹائل آئیکون ایوارڈ سے نوازا گیا۔

'ان سٹائل' میگزین کی اس تقریب کا انعقاد گیٹی سینٹر نے امریکی شہر لاس اینجلس میں کیا تھا۔

پرینکا چوپڑہ کو یہ ایوارڈ امریکی گلوکار اشر ریمنڈ نے دیا۔ اس موقعے پر اداکارہ آئیلا فیشر بھی ریڈ کارپٹ پر موجود تھیں۔

پرینکا چوپڑہ نے انسٹا گرام اور ٹوئٹر جیسے سوشل میڈیا پر اس شام کا تذکرہ کرتے ہوئے تقریب کا انعقاد کرنے والوں اور اشر ریمنڈ کا شکریہ ادا کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption پرینکا چوپڑہ ٹی وی سیریز کوانٹیکو کے دوسرے سیزن میں اہم کردارادا کر ہی ہیں

خیال رہے کہ بالی وڈ اداکارہ امریکی ٹی وی شو 'کوانٹیکو' میں اپنے زبردست کردار اور اداکاری کے سبب اب امریکہ میں ایک معروف نام ہیں۔

انھوں نے کہا کہ 'کوانٹیکو' میں ایف بی آئی کا کردار ادا کرکے وہ 'طاقتور محسوس کرتی ہیں۔'

وہ اپنی اس سیریز کے دوسرے سیزن کی تشہیر کے لیے 'ایلن ڈی جینیریس شو' میں حصہ لے رہی ہیں اور یہ شو جلد ہی سامنے آنے والا ہے۔

اس شو کی میزبانی کامیڈین ایلن ڈی جینیرز کرتی ہیں اور اس شو کا شمار بہت ہی پرمزاح پروگرامز میں ہوتا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption پرینکا چوپڑہ اشر ریمونڈ اور آئیلا فیشر

ان سے جب پوچھا گیا کہ آپ سی آئی اے اور ایف بی آئی کے بارے میں جانتی ہیں تو انھوں نے کہا: 'نہیں، میرا مطلب ہے کہ ہمارے یہاں اسی طرح کا اپنا ادارہ سی بی آئی ہے اور ہم ایف بی آئی یا سی آئی اے کے بارے میں جو کچھ جانتے ہیں وہ 'ہوم لینڈ' جیسے ٹی وی شوز کے ذریعے جانتے ہیں۔'

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق انھوں نے کہا: 'جب میں کوئی دروازہ توڑتے ہوئے اور ایف بی آئی، ایف بی آئی کہتی اندر داخل ہوتی ہوں تو یقینا ایک قوت کا احساس ہوتا ہے۔ میں کوانٹیکو میں اپنے کردار سے لطف اندوز ہو رہی ہوں۔'

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں