ہم سٹائل ایوارڈز میں ماہرہ خان، علی ظفر اور شاہد آفریدی پاکستان کی پرکشش شخصیات

تصویر کے کاپی رائٹ TAKE II

کراچی میں پہلے ہم سٹائل ایوارڈز کی تقریب میں ماہرہ خان، ہمایوں سعید، علی ظفر اور شاہد آفریدی نے پاکستان کی سب سے پُرکشش شخصیات ہونے کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

ایوارڈز کی تقریب کے پہلے حصے کی میزبانی کے فرائض عائشہ عمر اور احمد علی نے انجام دیے جبکہ دوسرے حصے کی میزبانی آمنہ شیخ اور عدنان ملک نے کی۔

اس تقریب کی سب سے اہم بات یہ رہی کہ پہلی مرتبہ صرف اور صرف پاکستانی گانوں ہی پر رقص کیا گیا۔ ان میں وہ گانے البتہ شامل تھے جو پاکستانی فنکاروں نے بالی وُڈ کے لیے گائے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ TAKE II

انتظامیہ کے مطابق یہ ایک سوچا سمجھا فیصلہ تھا تاہم پیمرا کی انڈین مواد پر پابندی کے بعد اگر ٹی وی پر یہ تقریب دکھائی جاتی تو ان کے لیے مسئلہ ضرور ہوسکتا تھا۔

تقریب میں آئن لائن کامیڈی کے لیے مشہور زیڈ علی ٹی نے بھی ایک ایکٹ پیش کیا جو کہ برطانیہ سے خصوصی طور پر اس شو کے لیے آئے تھے۔

اگر میزبانی کی بات کی جائے تو احمد علی اور عائشہ عمر متاثر کرنے میں ناکام رہے جبکہ ان کی نسبت آمنہ شیخ اور عدنان ملک نے کافی بہتر انداز میں شو کو آگے بڑھایا۔

تقریب کا سکرپٹ بھی کئی جگہ کافی کمزور لگا اور حاضرین کو چند ایک مقامات کے علاوہ کہیں قہقہہ لگانے کی ضرورت نہیں پڑی۔

ایوارڈز میں دوسری پرفارمنس صبا قمر اور زاہد احمد کی تھی۔ صبا قمر جتنی بڑی اداکارہ ہیں اتنی بڑی رقاصہ نہیں ہیں اس لیے ان کی موجودگی کا شور اپنی جگہ مگر رقص میں وہ جان نہیں تھی جو محفل گرما سکے۔

تصویر کے کاپی رائٹ TAKE II

تیسرے نمبر پر راحت فتح علی خان نے اپنے کچھ گانے سنائے مگر ان کا یہ شو لائیو نہیں تھا اور صرف یہی ایک کمی تھی کیونکہ راحت کے گائے نغمے جھومنے کے لیے کافی ہوتے ہیں۔

چوتھے نمبر پر حسن شہریار یاسین نے ایک 70، 80، 90 اور رواں صدی کے پہلے عشرے کے مقبول ترین نغموں پر اپنی ساتھی اداکاراؤں انوشے اشرف، سونیا حسین اور ژالے سرحدی کے ساتھ ایک میوزیکل ایکٹ پیش کیا جن میں ژالے سرحدی سب سے نمایاں رہیں۔

تاہم تقریب کی جان آخر میں علی ظفر اور سوہائے علی ابڑو کی انتہائی جاندار اور شاندار پرفارمنس رہی جس میں دونوں ہی نے زبردست رقص پیش کیا اور اپنے فلمی تجربے کا بھرپور استعمال کیا۔

ایوارڈز کی بات کی جائے تو فلموں کی سب سے پرکشش اداکارہ کا ایوارڈ ماہرہ خان کے نام ہوا جبکہ مردوں میں یہ ایوارڈ ہمایوں سعید کو ملا۔

تصویر کے کاپی رائٹ TAKE II

ٹی وی کی کیٹیگری میں سائرہ شہروز اور حمزہ علی عباسی نے بالترتیب سب سے پُرکشش ہونے کا ایوارڈ حاصل کیا۔

کھیلوں کے شعبے کی سب سے پُرکشش شخصیت شاہد آفریدی قرار پائے جبکہ وسیم اکرم کو کھیلوں کے شعبے میں ایک سٹائل آئیکون ہونے پر خصوصی ایوارڈ دیا گیا۔

پرفارمنس کے شعبے میں مردوں میں علی ظفر جبکہ خواتین میں میشہ شفی کو ایوارڈ دیا گیا۔

فیشن کی دنیا میں عروسی ملبوسات کا ایوارڈ فراز منان، لان کے لیے ایلان، زیورات کے لیے عنبر سمیع، ریٹیل برینڈ میں َسَفائر، ڈیمی کوٹیور کے لیے شہلا چتور جبکہ مردوں کے لباس کے لیے بہترین ڈیزائنر کا ایوارڈ ریپبلک (عمر فاروق) کے نام رہا۔

ماڈلنگ میں بہترین خاتون ماڈل آمنہ بابر جبکہ بہترین مرد ماڈل شہزاد نور قرار پائے۔ ابھرتے ہوئے ستارے کا ایوارڈ اَشنا خان کے نام رہا۔

تصویر کے کاپی رائٹ TAKE II

بہترین تصویر کشی کا ایوارڈ شہباز شازی کے نام رہا جبکہ میک اپ کے شعبے میں حنان صدیقی نے ایوارڈ اپنے نام کیا۔

ہم ٹی وی کی صدر سلطانہ صدیقی کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کی فیشن اور سٹائل انڈسٹری کو سراہنا چاہتے ہیں اس لیے یہ سلسلہ شروع کیا ہے۔

اس موقع پر انھوں نے کراچی فلم فیسٹیول کے اجراء کا بھی اعلان کیا۔

اسی بارے میں