عامر منصور خان کو دوبارہ ہدایتکاری کے میدان میں لانے کے لیے کوشاں

عامر خان تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption عامر خان کی فلم جو جیتا وہی سکندر کی ممبئی میں سکریننگ ہوئی

انڈیا کے معروف اداکار عامر خان کا کہنا ہے کہ وہ نوے کی دہائی کے کامیاب فلم ڈائریکٹر منصور خان کو ایک بار پھر فلم سازی کی جانب راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

منصور خان عامر خان کے اپنے چچازاد بھائی ہیں اور وہ عامر کے فلمی کریئر کی پہلی فلم 'قیامت سے قیامت تک'کے ہدایتکار تھے۔

یہ بطور ہدایتکار منصور کے کریئر کی بھی پہلی فلم تھی اور سنہ 1988 میں ریلیز ہونے والی یہ فلم سپر ہٹ رہی تھی۔

انھوں نے عامر خان کی ایک اور سپرہٹ فلم 'جو جیتا وہی سکندر' کی بھی ہدایت کاری کی ہے۔

منصور خان نے سنہ 2000 میں آخری بار فلم 'جوش' میں ہدایات دی تھیں اس کے علاوہ اپنے بھانجے عمران کی خان کی پہلی فلم 'جانے تو یا جانے ناں' میں وہ معاون فلمساز تھے۔

منصور خان نے اپنے والد ناصر حسین کی زندگی پر منبی کتاب 'میوزک مستی ماڈرنیٹی: دی سینیما آف ناصر حسین' کے اجرا کے موقع پر کہ جب وہ ایم بی اے کی تعلیم حاصل کر رہے تھے تو ان کے والد نے کہا تھا کہ 'تم کہیں بھی چلے جاؤ لیکن آخر میں تم فلم انڈسٹری کی جانب آؤں گے کیونکہ ہماری جڑیں یہیں ہیں۔'

اسی بات پر عامر خان نے قطع کلامی کرتے ہوئے کہا: 'اور آج کل میں بھی منصور سے یہی باتیں کہہ رہا ہوں۔ آپ دور تک جا سکتے ہیں لیکن آپ کو یہیں لوٹ کر آنا ہے۔'

اس کے جواب میں منصور نے کہا 'امید کرتا ہوں کہ پچھلی بار کی طرح اس بار بھی یہ بات سچ ثابت ہو۔'

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption عامر خان اور جوہی چاولہ کی فلم قیامت سے قیامت تک کی سپیشل سکرینگ کے موقعے پر ہدایت کار منصور خان ان کے ساتھ

اسی تقریب کے دوران عامر خان نے ناصر حسین کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اپنے چچا سے مہمانوں سے رخصت حاصل کرنے کا طریقہ سیکھا جس کا وہ اب بھی استعمال کرتے ہیں۔

عامر نے کہا: 'وہ کہتے تھے کہ 'آپ سب سے مل کر بہت اچھا لگا' جس کا مطلب یہ ہوتا تھا کہ 'خدا حافظ اب آپ سب اپنے اپنے گھر جائیں۔'

عامر نے کہا: 'ہم نے ایک چیز ان سے سیکھی اور اسے اپنے اندر اتار لیا۔ ہم تمام بچے ان کے ساتھ بیٹھ کر ان کے کمرے میں کھانا کھاتے تھے۔ وہ ہم سب کو بہت چاہتے تھے۔ لیکن جب ان کے سونے کا وقت ہو جاتا تو وہ اٹھتے اور کہتے آپ سب سے مل کر بہت اچھا لگا۔ وہ ہمیشہ رخصت چاہتے ہوئے یہی کہتے تھے۔'

عامر خان نے کہا کہ 'ان کے اس ایک جملے کا ہم نے اپنی زندگی میں خوب استعمال کیا۔'

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں