سٹیج کی معروف اداکارہ قسمت بیگ کو قتل کر دیا گیا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption تھانہ ہربنس پورہ میں مقتولہ کے برادرِ نسبتی شاہد محمود کی جانب سے درج کرائی گئی

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی سٹیج کی معروف اداکارہ قسمت بیگ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جمعرات کی رات دم توڑ گئیں۔

فنکارہ کے قتل کے احتجاج میں لاہور کے تمام تھیٹر بند کردیے گئے ہیں اور فنکاروں نے پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا ہے۔

اداکارہ قسمت بیگ کا اصل نام حنا بیگ تھا۔ انھیں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں ان کےگھر کے نزدیک نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے زخمی کردیا تھا۔ اس واقعے میں ان کے معاون بھی زخمی ہوئے تاہم ان کی زندگی اب خطرے سے باہر ہے۔

تھانہ ہربنس پورہ میں مقتولہ کے برادرِ نسبتی شاہد محمود کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق قسمت بیگ معمول کے مطابق تماثیل تھیٹر میں پرفارمنس کے بعد رات کے تین بجے اپنے گھر آرہی تھیں کہ گھر کے قریب ایک گاڑی میں سوار مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو روکا، آہنی راڈ سے گاڑی کے شیشیے توڑے اور قسمت بیگ پر فائرنگ کی۔

خود کو اس واقعے کا عینی شاہد بتانے والے شاہد محمود کے مطابق حملہ آوروں نے قسمت بیگ کے سیکریٹری علی افسربٹ کے سر پر پہلے لوہے کا راڈ مارا اور پھر ٹانگ میں گولی مار کر انھیں زخمی کردیا۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد موقعے سے فرار ہوگئے۔

فنکارہ اور ان کے سیکریٹری کو فوری طور پر سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے سیکریٹری علی افسر بٹ کو فوری ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا تاہم قسمت بیگ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے بدھ کی رات دم توڑ گئیں۔

مقتولہ قسمت بیگ کی والدہ فائزہ کا کہنا ہے کہ قتل ڈکیتی کی مزاحمت کا نتیجہ نہیں بلکہ حملہ آور قتل کی نیت سے آئے تھے اور کوئی چیز چھینے یا لوٹے بغیر اداکارہ پر فائرنگ کر کے فرار ہوگئے۔

زخمی سیکریٹری علی افسر بٹ کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے بھی قسمت بیگ پر دو مرتبہ حملے ہوچکے ہیں تاہم قسمت بیگ کے اہل خانہ اور ان کے سیکریٹری نے نہ کسی حملہ آور کا نام ظاہر کیا اور نہ ہی کسی کو ایف آئی آر میں براہ راست قتل کا ذمہ دار ٹہرایا۔

قتل کی وجوہات تاحال سامنے نہ آسکی ہیں تاہم سی پی او لاہور امین وینس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی کینٹ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

مقتولہ قسمت بیگ نے دس سال قبل سٹیج کی دنیا میں قدم رکھا تھا۔ وہ پہلے پنجاب کے چھوٹے شہروں میں پرفارم کرتی رہی ہیں اور گذشتہ چار برس سے لاہور میں مقیم تھیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں