بالی وڈ راؤنڈ اپ: رنبیر اور سونم ایک بار پھر ساتھ ساتھ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption دیکھتے ہیں کہ یہ 'سابق جوڑی' دوسری 'سابق جوڑی' کو کس طرح پردے پر دکھاتی ہے

کہتے ہیں کہ بالی وڈ میں کچھ بھی مستقل نہیں ہوتا نہ دوستی نہ دشمنی اور نہ ہی محبت اور نہ ہی شادی۔

اس کی کئی مثالیں موجود ہیں اب رنبیر کپور اور سونم کپور کو ہی لے لیجیئے فلم سانوریا کے بعد دونوں کی 'دوستی' کی خبریں سامنے آئیں لیکن کہتے ہیں کہ عادت سے مجبور رنبیر کپور زیادہ دن سونم کے ساتھ دوستی نہیں نبھا پائے اور قطرینہ کے ساتھ جانے سے پہلے کچھ عرصے کے لیے دپیکا پادکون کے عشق میں گرفتار ہو گئے۔

٭ بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں

جب دپیکا کا ساتھ چھوٹا تو کرن جوہر کے پروگرام کافی ود کرن میں سونم اور دپیکا نے مل کر مذاق ہی مذاق میں رنبیر کو آڑے ہاتھوں لیا اور خوب دل کا غبار نکالا جس پر پاپا رشی کپور خاصے ناراض بھی ہوئے تھے۔

بہرحال اس تمام تمہید کا مطلب یہ ہے کہ شاید رنبیر اور سونم ایک بار پھر بڑے پردے پر ساتھ نظر آنے والے ہیں۔

خبریں ہیں کہ سجنے دت کی 'بایو پِک' میں جہاں رنبیر سنجے دت کا کردار نبھائیں گے وہیں سونم سنجے دت کی مبینہ سابق گرل فرینڈ مادھوری دکشت کا کردار کر رہی ہیں۔

دیکھتے ہیں کہ یہ 'سابق جوڑی' دوسری 'سابق جوڑی' کو کس طرح پردے پر دکھاتی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ایسی خبریں پھیلنے لگیں ہیں کہ ارجن اور ملائکہ کی بڑھتی ملاقاتیں ہی ارباز اور ملائکہ کے درمیان اختلافات کی وجہ بنی

فلمساز اور اداکار ارباز خان اور ان کی اہلیہ ملائکہ اروڑہ خان نے 18 سال کی شادی کے بعد آخر کار عدالت میں علیحدگی کی درخواست دے ہی دی۔

دونوں کے درمیان طلاق کی وجہ کیا بن رہی ہے اس بارے میں مختلف افواہیں اور قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ ان میں سے ایک افواہ ملائکہ اور ارجن کپور کے درمیان نزدیکیاں بھی تھی۔

اب 43 سالہ ملائکہ نے ایک بیان جاری کر کے ان خبروں کی تردید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ارجن کپور صرف ایک اچھے دوست ہیں اس سے زیادہ کچھ نہیں اور لوگ اس دوستی کو مختلف رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

31 سالہ ارجن کپور جنھوں نے فلم ’عشق زادے‘ سے ڈیبیو کیا تھا سلمان خان کے بڑے فین ہیں اور سلمان نے ہی انھیں انڈسٹری میں آنے سے پہلے ٹریننگ دی تھی۔

ارجن اور ملائکہ کی بڑھتی ملاقاتوں کے بعد ہی اس طرح کی خبریں پھیلنے لگی تھیں کہ یہ ملاقاتیں ہی ارباز اور ملائکہ کے درمیان اختلافات کی وجہ بنی ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اسی ہفتے میں یہ دونوں انتہائی والہانہ انداز میں ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر انل امبانی کی پارٹی میں داخل ہوئے

دپیکا پادوکون اور رنبیر سنگھ ساتھ ساتھ ہیں یا نہیں یہ سوال ہمیشہ ہی ان کے فینز اور میڈیا کو پریشان کرتا رہتا ہے، اور یہ دونوں بھی شک کو ہوا دینے کا پورا انتظام تو کرتے ہیں لیکن اس بارے میں بات کبھی نہیں کرتے۔

حالیہ دنوں میں ایسی خبریں گردش کر رہی تھیں کہ دونوں کے درمیان مبینہ طور پر بریک اپ ہو گیا ہے، لیکن اسی ہفتے میں یہ دونوں انتہائی والہانہ انداز میں ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر جب انل امبانی کی پارٹی میں داخل ہوئے جہاں باہر میڈیا بھی موجود تھا تو پھر سے دونوں کے ساتھ ہونے کی خبریں چھپنے لگیں۔

لگتا ہے سٹارز بھی میڈیا کے ساتھ آنکھ مچولی کا کھیل کھیلتے ہیں اور ان کا یہ کھیل انھیں خبروں میں رکھتا ہے جو سٹارز کی سب سے بڑی ضرورت ہوتی ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں