برکینی اور حجاب میں مقابلۂ حسن میں شرکت

حلیمہ عدن تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption حلیمہ عدن کا کہنا ہے کہ وہ امید کرتی ہیں کہ ان کی شرکت سے مسلمان خواتین کو اپنی شناخت کے حوالے سے اعتماد ملے گا

ایک صومالی نژاد امریکی خاتون حلیمہ عدن نے ریاست منیسوٹا میں منعقدہ مقابلۂ حسن میں حجاب اور برکینی پہن کر شرکت کی ہے۔

وہ امریکہ میں ایسا کرنے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔

19 سالہ حلمیہ عدن مقابلہ حسن میں پیراکی کے لباس کے مقابلے میں برکینی کے ساتھ شرکت کی۔

حلیمہ عدن کی پیدائش کینیا میں ہوئی تھی اور وہ بچپن میں ریاست منیسوٹا کے علاقے سینٹ کلاؤڈ منتقل ہو گئی تھیں۔

اس دو روزہ مقابلہ حسن میں وہ 15 صف اول کی امیدواروں میں شامل رہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ امید کرتی ہیں کہ ان کی شرکت سے مسلمان خواتین کو اپنی شناخت کے حوالے سے اعتماد ملے گا۔

مقامی ٹی وی کے اے آر ای سے گفتگو کرتے ہوئے حلیمہ عدن کا کہنا تھا کہ 'بہت سارے لوگ آپ کو دیکھتے ہیں اور وہ آپ کے حسن کو دیکھ نہیں سکتے کیونکہ آپ ڈھکی ہوتی ہیں اور وہ اس کے عادی نہیں ہوتے، اس طرح زندگی گزارتے ہوئے میں نے اس طرف توجہ دی کہ لوگوں کو میرے لباس سے قطع نظر مجھے جاننے کا کا موقع ملے۔'

سینٹ کلاؤڈ کی ایک رہائشی کا کہنا تھا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ حلیمہ 15 حتمی امیدواروں میں شامل کی گئی تھیں اور دنیا بھر میں خواتین کی جانب سے انھیں پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔

حلیمہ عدن کا کہنا تھا کہ 'یہ ہمارے لیے بہت بڑی کامیابی ہے۔ میں ایسا کرنے والی پہلی ہوں اور میں امید کرتئ ہوں کہ مزید مسلمان خواتین کو برکینی پہنیں گی اور انھیں قبول کیا جائے گا۔'

وہ کہتی ہیں کہ 'میں آپ کو چیلنج کرتی ہوں اور آپ کو کچھ بہترین کرسکتے ہیں آپ کو صرف وہی کرنا چاہیے۔'

خیال رہے کہ امریکی ریاست منیسوٹا میں صومالی نژاد افراد کی ایک بڑی تعداد آباد ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Halima Aden
Image caption حلیمہ عدن کا کہنا تھا کہ 'یہ ہمارے لیے بہت بڑی کامیابی ہے‘

مس منیسوٹا امریکہ کے مقابلہ حسن کی ایگزیکٹیو معاون ڈائریکٹر ڈینسی والس نے حلیمہ عدن کے روایتی لباس میں مقابلے کی شرکت کی تعریف کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میرے خیال حلمیہ کا سٹیج پر کھڑے ہونا دیگر خواتین کو یہ دکھانا ہے کہ وہ بھی ایسا کر سکتی ہیں اور یہ ان کے لیے ممکن ہے۔'

اس مقابلہ حسن کی فاتح منیاپولس کی رہائشی میرڈتھ گولڈ قرار دی گئی ہیں جو آئندہ سال مس امریکہ کے مقابلہ حسن میں شرکت کریں گی۔

متعلقہ عنوانات