لڑکی کو بچانے پر عاطف اسلم کی تعریف

تصویر کے کاپی رائٹ SHEERAZ ASLAM
Image caption عاطف اسلم نے سکیورٹی کو بلایا جنھوں نے اس لڑکی کو وہاں سے نکالا

پاکستانی گلوگار عاطف اسلم کی انٹرنیٹ پر کافی تعریف کی جا رہی ہے جنھوں نے حال ہی میں اپنے کنسرٹ کے دوران شائقین کی جانب سے ایک لڑکی کو ہراساں کرنے پر نہ صرف گانا روک دیا بلکہ انھیں وہاں سے نکالا بھی۔

سنیچر کو ہونے والے اس کنسرٹ کے دوران عاطف نے اپنا لائیو گانا روک دیا اور اس ویڈیو کو ہزاروں مرتبہ شیئر کیا جا چکا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عاطف اسلم لڑکی کو پریشان کرنے والے لڑکوں سے کہہ رہے ہیں ’کیا تم نے کبھی کوئی لڑکی نہیں دیکھی۔ یہاں تمہاری ماں بہن بھی ہوسکتی تھی۔‘

پاکستان میڈیا کے مطابق کنسرٹ میں کافی زیادہ لوگ آئے تھے جہاں بہت ساری لڑکیوں کو ہراساں کیا گیا۔

عاطف اسلم نے سکیورٹی کو بلایا جنھوں نے اس لڑکی کو وہاں سے نکالا۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لڑکی کو بازوؤں سے کھینچ کر سٹیج پر چڑھایا گیا۔

عاطف اسلم کے اس فعل پر وہاں آنے والے شائقین نے نعرے لگا کر اور تالیاں بجا کر انہیں داد دی۔ سوشل میڈیا کے صارفین کا کہنا ہے کہ عاطف اسلم نے اس یقین دہانی کے بعد ہی فن کا مظاہرہ دوبارہ شروع کیا کہ وہاں موجود تمام لڑکیاں محفوظ ہیں۔

یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ کسی گلوکار نے اس طرح کے ہراس کو روکنے کے لیے فن کا مظاہرہ روک دیا۔ گذشتہ برس ایک ہسپانوی گلوکار نے بھی میکسیکو میں ایک خاتون پر حملے کے بعد اپنی پرفارمنس روک دی تھی۔

اسی بارے میں