سٹار بننا آسان، سٹار رہنا مشکل: شاہد کپور

  • سوپریہ سوگلے
  • بی بی سی ہندی ڈاٹ کام کے لیے
شاہد اور کنگنا
،تصویر کا کیپشن

فلم رنگون میں شاہد کپور کے ساتھ کنگنا راناوت اور سیف علی خان ہیں

'جب وی میٹ'، 'کمینے'، 'راجکمار'، اور 'حیدر' جیسی فلموں سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار شاہد کپور نے اپنے کریئر میں بہت سے نشیب و فراز دیکھے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ آج کی تاریخ میں سٹار بننا بہت آسان ہے لیکن سٹار بنے رہنا انتہائی مشکل ہے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے شاہد کپور نے کہا، 'آج سوشل میڈیا کی مدد سے کوئی بھی سٹار بن سکتا ہے لیکن ناظرین ایک ہی چیز بار بار دیکھ کر بور جاتے ہیں اس لیے سٹار بنے رہنا انتہائی مشل ہے اور اسی وجہ سے مختلف چیزیں کرتے رہنا ضروری ہے۔'

شاہد کپور کے مطابق آج کے دور میں صرف مقبولیت کے پیچھے بھاگنے سے کام نہیں چلتا۔

،تصویر کا کیپشن

شاہد کپور حکومت برطانیہ کے ایک انڈین فوجی کے کردار میں ہیں

حال ہی میں باپ بننے والے شاہد کپور کو اب ہر وقت گھر جا کر بیٹی اور بیوی کے ساتھ وقت گزارنے کی فکر رہتی ہے۔

ایک معروف اور مصروف شخصیت ہونے کے سبب شاہد یہ تسلیم کرتے ہیں کہ بیٹی کو تنہائی میں وقت دینا بہت مشکل ہے۔

'کمینے' اور 'حیدر' کے بعد وشال بھاردواج کے ساتھ 'رنگون' ان کی تیسری فلم ہوگی۔

شاہد کپور نے فلم 'رنگون' کے سیٹ پر وشال بھردواج کی جانب سے خود کو نظر انداز کیا گیا محسوس کیا تاہم انھیں اس بات کی شکایت نہیں ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ ایک ڈائریکٹر ہونے کے ناطے وہ کئی چیزوں میں الجھے ہوئے تھے۔

،تصویر کا کیپشن

یہ فلم دوسری جنگ عظیم کے پس منظر میں بنائی گئی ہے

وشال بھردواج کے ساتھ اپنی دس سالہ رفاقت کے بارے میں شاہد نے بتایا: 'کمینے بڑی فلم تھی، میرا اور وشال جی کا اچھا وقت چل رہا تھا تاہم پہلی بار کام کرتے ہوئے ہم دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ ایڈجسٹ ہونے میں وقت لگا۔'

شاہد نے تسلیم کیا كہ 'کمینے' سے ان میں بطور اداکار اعتماد پیدا ہوا۔

دوسری عالمی جنگ کے پس منظر پر مبنی فلم 'رنگون'میں شاہد کپور برطانوی انڈین آرمی کے ایک رکن کے کردار میں نظر آئیں گے۔ فلم میں کنگنا راناوت اور سیف علی خان بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔