فیئرنیس کریم کے اشتہار کے حوالے سے شاہ رخ اور دیپیکا پر تنقید

ابھے، شاہ رخ دیپیکا

انڈیا میں جلد کو گورا کرنے کا دعوی کرنے والی كريموں کا اشتہار کرنے والے بالی وڈ کے اداکاروں پر سخت نکتہ چینی کرنے کی وجہ سے اداکار ابھے دیول سوشل میڈیا پر چھائے ہوئے ہیں۔

ٹویٹر پر بہت سے لوگ ابھے دیول کو بالی وڈ کا ہمّت والا اداکار قرار دیتے ہیں۔

آنشو چھبّر نامی ایک ٹوئٹر ہینڈلر نے لکھا ہے: 'ابھے دیول نے اپنی فیس بک پوسٹ سے ایک درست بحث شروع کی ہے۔ آخر بالی وڈ کے بڑے سٹارز کیوں فیئرنیس کریم کی تشہیر کر رہے ہیں؟'

،تصویر کا کیپشن

اداکارہ سونم کپور بھی ایک کریم کا اشتہار کرتی ہیں جس میں جلد کو گورا بنانے کا دعوی کیا جاتا ہے

خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم کار کن کویتا کرشنن نے لکھا ہے: 'نسل پرستی اور جنسی تفریق کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے ابھے آپ کا شکریہ۔'

سوشل میڈیا پر بیشتر لوگوں نے ابھے کی تعریف کی ہے۔ اگرچہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ ابھے دیول کو فلم انڈسری میں کام نہیں مل رہا ہے اس لیے ایسا کہہ رہے ہیں۔

ابھے دیول نے جلد کو گورا کرنے کا دعوی کرنے والی کریموں کا اشتہار کرنے والے بالی وڈ کے بڑے اداکاروں پر سخت نکتہ چینی کی تھی۔

،تصویر کا کیپشن

شاہ رخ خان گورا کرنے والی کریم کے ایک اشتہار میں

فیس بک پر کی جانے والی اپنی کئی پوسٹ میں ابھے دیول نے شاہ رخ خان، دیپکا پادوکون، جان ابراہم، سونم کپور اور شاہد کپور پر شدید نکتہ چینی کی ہے۔

انھوں نے ایسے اشتہارات کو نسل پرستانہ قرار دیتے ہوئے بالی وڈ کے معروف اداکاروں کو نشانہ بنایا۔

ابھے دیول نے اپنی فیس بک پوسٹ میں لکھا ہے: 'ملک میں كمپنياں کھلے عام اور چالاکی سے اس خیال کو فروخت کر رہی ہیں کہ گورا سیاہ فام سے اچھا ہوتا ہے۔ اس کھیل میں آپ کو کوئی یہ بتانے والا نہیں ہے کہ یہ اشتعال انگیز، فرضی اور نسل پرستانہ ہے۔'

انھوں نے لکھا: 'اسے آپ کو خود ہی دیکھنا ہوگا۔ آپ کو اس خیال کو خریدنا بند کرنا پڑے گا جس میں بتایا جاتا ہے کہ کوئی ایک خاص رنگ دیگر رنگوں سے زیادہ اچھا ہے۔ بدقسمتی سے جب آپ شادی کے اشتہارات کو دیکھیں گے تو وہاں بھی یہ رجحان صاف نظر آتا ہے۔ یہاں تک کہ ہم کسی کی جلد کے رنگ کو بتانے کے لیے 'ڈسک' لفظ کا استعمال کرتے ہیں۔ ایک شخص اس رجحان کو کمیونٹی میں تبدیل نہیں کر سکتا لیکن کم از کم خاندان میں تبدیل کرنے کی کوشش تو کر سکتا ہے۔'

،تصویر کا کیپشن

دیپیکا پادوکون بھی گورا کرنے کا دعوی کرنے والی ایک کریم کا اشتہار کرتی ہیں

ابھے نے شاہ رخ خان پر نکتہ چینی کرتے ہوئے لکھا: 'اور کنگ خان خود ہی آپ سے پوچھ رہے ہیں، مرد ہو کے لڑکیوں والی فیئرنیس کریم کیوں؟ اس میں آپ کو وہ ایک مرد بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ گورا بننا تو سائڈ افیكٹ ہے۔'

ابھے نے دیپکا پادوکون کی طرف سے کیے جانے والی ایک فیئرنیس کریم کے اشتہار کے حوالے سے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے: 'ٹو ان ون فیئرنیس کریم۔ اگر آپ دیپکا پادوکون کو توجہ سے دیکھیں گے تو ان کی آنکھیں، حقیقی آنکھوں سے زیادہ روشن نظر آرہی ہیں۔'

،تصویر کا کیپشن

ابھے نے اداکارہ نندتا داس کی اس بات کے لیے تعریف کی ہے کہ وہ سیاہ فام ہونے کو بھی خوبصورتی سے تعبیر کرتی ہیں

دوسری جانب ابھے دیول نے اداکارہ نندتا داس کی اس بات کے لیے تعریف کی ہے کہ وہ سیاہ فام ہونے کو بھی خوبصورتی سے تعبیر کرتی ہیں۔

انھوں نے ان کی تعریف میں لکھا ہے: 'ایک نادان نندتا داس ہیں جو لوگوں کو سکھا رہی ہیں کہ سیاہ ہونا بھی خوبصورت ہونا ہے۔ کیا وہ نہیں جانتی ہیں کہ ہم لوگ اس بات کو پہلے ہی سے جانتے ہیں؟ کیا ہم نے جنوبی انڈيا کے لوگوں کو قبول نہیں کیا ہے؟ یہ کیا ہے؟ وہ اڑیسہ سے ہیں؟ کیا ہم اسے جنوبی ریاستوں میں شامل کر سکتے ہیں۔'