براوو کے بعد آندرے رسل کا بھی بالی وڈ کا رخ

آندرے رسل
،تصویر کا کیپشن

ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی آندرے رسل کرکٹ کے بعد فلموں میں اپنے کریئر کے لیے مواقع کی تلاش میں ہیں

کرکٹ اور بالی وڈ کا رشتہ بہت پرانا ہے اور اب اس میں ایک اور نام جڑنے والا ہے۔

انڈین خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق ویسٹ انڈیز کے کرکٹر ڈوین براوو کے بعد اب آل راؤنڈر آندرے رسل بھی فلم اور موسیقی کی دنیا میں قدم رکھنے والے ہیں۔

ان سے قبل آسٹریلیا کے کرکٹر بریٹ لی بھی بالی وڈ میں نظر چکے ہیں۔ ان کی فلم 'ان انڈین' یعنی غیر ہندوستانی سنہ 2015 میں ریلیز ہوئی تھی۔

براوو کے گیت 'چیمپیئن'، 'جیگر بم' اور 'ٹرپ ابھی باقی ہے' کو انڈیا میں مقبولیت ملی تھی۔

28 سالہ رسل اپنا پہلا سنگل لانچ کرنے والے ہیں اور اسے لاس اینجلس کی کمپنی جیمینی میوزک پیش کر رہی ہے۔ خیال رہے کہ اس کمپنی نے حال میں بیبر کے البم 'سوری' کو بھی پروڈیوس کیا ہے۔

رسل نے ایک بیان میں کہا: 'یہ درست ہے کہ میں پرفارمنگ آرٹ کے شعبے میں اپنے کريئر کے لیے مواقع تلاش کر رہا ہوں۔ میں رواں سال اپنا پہلا بین الاقوامی میوزک ویڈیو جاری کرنے والا ہوں اور اس کا خصوصی فوکس انڈیا پر ہوگا۔ اور اس کے بعد ممکنہ طور پر بالی وڈ فلم میں قسمت آزمائی کروں گا۔'

،تصویر کا کیپشن

آسٹریلیا کے فاسٹ بولر بریٹ لی نے فلم 'ان انڈین' میں اہم کردار ادا کیا ہے

آندرے رسل کی جانب سے اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر ان پر ایک سال کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد ہے۔

آندرے رسل سنہ 2016 میں ویسٹ انڈیز کی ورلڈ ٹی 20 جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے اور پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہیں جبکہ آئی پی ایل میں وہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی جانب سے کھیلتے رہے ہیں۔

وینس انٹرٹینمنٹ گروپ جس نے براوو کو کامیابی کے ساتھ لانچ کیا تھا اس نے رسل کو بین الاقوامی برانڈ بنانے کے لیے ان کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔

مختلف کردار میں کرکٹروں کی ایک بڑی تعداد بالی وڈ فلموں میں نظر آئی ہے۔ انڈیا کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی پر مبنی فلم حال میں ریلیز ہوئی تھی اور اسے بہت پذیرائی بھی ملی۔ ان کے علاوہ سچن تنڈولکر پر بھی فلم کی امید ظاہر کی جا رہی ہے جبکہ ان سے قبل اظہرالدین کی زندگی پر مبنی فلم ایک عرصے تک شہ سرخیوں میں رہ چکی ہے۔

،تصویر کا کیپشن

فلم میں انڈیا کے سابق کپتان کا کردار بالی وڈ اداکار عمران ہاشمی نے ادا کیا ہے

پی ٹی آئی کے مطابق آسٹریلیا کے سٹار کھلاڑی شین وارن کو بھی بالی وڈ سے فلموں میں کام کرنے کی پیشکش ملی ہے۔ پی ٹی آئی کے مطابق شین وارن اس بابت کہا تھا: 'ایک پیش کش ہے۔ کسی کے پاس میرے لیے کچھ ہے۔'

آئی پی ایل کے دسویں سیزن میں آٹھ میدانوں پر ہونے والی افتتاحی تقاریب میں بالی وڈ کے بہت سے اداکاروں کو دیکھا گیا ہے اور انڈیا میں کرکٹ ایک طرح سے انٹرٹینمنٹ کا بڑا ذریعے بنتا جا رہا ہے۔