امیتابھ اور رشی کپور 26 سال بعد ایک ساتھ

  • سپریا سوگلے
  • بی بی سی ہندی
امیتابھ اور رشی کپور فلم کے احک منظر میں

،تصویر کا ذریعہTwitter: Taran Adarsh

ہندی فلمی صنعت کے دو سپر سٹارز امیتابھ بچن اور رشی کپور 26 سال بعد ایک ساتھ ایک فلم میں باپ بیٹے کے کرداروں میں نظر آئیں گے۔

امیش شکلا کی ہدایت میں بننے والی فلم ’102 ناٹ آؤٹ‘ میں امیتابھ بچن 102 سال کے بزرگ بنیں گے اور رشی کپور ان کے 75 سال کے بیٹے کا کردار ادا کریں گے۔

یہ فلم ایک والد اور بیٹے کی محبت کی کہانی ہے اور مصنف اور ہدایتکار سومیا جوشی کے کامیاب گجراتی ڈرامے ’102 ناٹ آؤٹ‘ کا فلمی ورژن ہوگا۔

فلم کی شوٹنگ ممبئی میں شروع ہو چکی ہے اور جولائی کے آخر تک ختم ہو گی۔

امیتابھ بچن اور رشی کپور تقریباً 26 سال کے بعد بڑے پردے پر ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

آخری بار دونوں اداکاروں نے 1991 میں ریلیز ہونے والی فلم ’عجوبہ‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہTwitter

،تصویر کا کیپشن

رشی کپور نے امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرنے کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار ٹوئٹر پر کیا

امیتابھ بچن اور رشی کپور ایک ساتھ کئی ہٹ فلموں کا حصہ رہے ہیں۔

ان دونوں نے 'امر اکبر انتھونی'، 'کبھی کبھی'، 'قلی' اور 'نصیب' جیسی فلموں میں ساتھ کام کیا ہے۔

امیش شکلا کی پچھلی فلم میں رشی کپور امیتابھ بچن کے بیٹے ابھیشیک بچن کے ساتھ فلم 'آل از ویل' میں نظر آئے تھے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ امیتابھ اور رشی کپور کی جوڑی اس بار بڑے پردے کیا جادو بكھیرتی ہے۔