’اداکار بھی گیم آف تھرونز کے انجام سے بےخبر ہوں گے‘

ایچ بی او

،تصویر کا ذریعہGame of Thrones

ایچ بی او کی مشہور ڈراما سیریز 'گیم آف تھرونز' کی کہانی کے انجام کے بارے میں بڑی چہ میگوئیاں ہو رہی ہیں۔ ساتویں سیزن کی کہانی بھی لیک ہوئی۔

تاہم آٹھویں اور آخری سیزن کے بارے میں ایچ بی او نے فیصلہ کیا ہے کہ اس ڈراما سیریز کے متعدد اختتام بنائے جائیں گے تاکہ ایک اختتام لیک ہونے کی صورت میں دوسرا استعمال کیا جا سکے۔

ایچ بی او کے پروگرامنگ کے صدر کیسی بلوئز کا کہنا ہے کہ اس ڈراما سیریز کے اداکاروں کو بھی اس بات کا علم نہیں ہو گا کہ سیریز کا اختتام کیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہHBO

کیسی بلوئز نے ایک کالج میں بات کرتے ہوئے کہا 'مجھے معلوم ہے کہ گیم آف تھرونز کے متعدد انجام فلمائے جائیں گے تاکہ کسی کو بھی معلوم نہ ہو کہ اصل انجام کیا ہو گا۔ ڈراما سیریز میں ایسا کرنا پڑتا ہے۔'

انھوں نے مزید کہا 'اس لیے متعدد انجام فلمائے جائیں گے تاکہ کسی کو آخری وقت تک معلوم نہ چل سکے کہ کیا ہو گا۔'

گیم آف تھرونز کے ساتویں سیزن کی کہانی لیک ہو گئی تھی۔ ہیکرز ساتویں سیزن کے سکرپٹ، ایچ بی او کے دستاویزات منظر عام پر لے آئے تھے۔

،تصویر کا ذریعہHBO

انڈیا میں ان چار افراد کو گرفتار کیا گیا جنھوں نے پائریٹڈ قسطیں ممبئی میں آن لائن پر ڈال دیں۔

ساتویں سیزن کی ایک قسط غلطی سے یورپ میں جلدی ریلیز کر دی گئی اور اس قسط کو کئی بار شیئر کیا گیا۔

،تصویر کا ذریعہHBO

واضح رہے کہ گیم آف تھرونز کا ساتواں سیزن غیرقانونی طور پر ایک بلین بار ڈاؤن لوڈ کیا گیا۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ گیم آف تھرونز کا آخری سیزن کب نشر کیا جائے گا۔

انٹرٹینمنٹ کی ویب سائٹ ہالی وڈ رپورٹر کا کہنا ہے کہ آخری چھ قسطوں کی پروڈکشن اکتوبر میں شروع ہو گی جو 2018 کے وسط تک جاری رہے گی۔

،تصویر کا ذریعہHBO

کیسی بلوئز کا کہنا ہے کہ 'ہماری پروڈکشن ٹیم شوٹنگ کی ٹائم لائن تیار کر رہی ہے اور اس بات کا تعین کر رہی ہے کہ سپیشل ایفیکٹس کے لیے کتنا وقت درکار ہو گا۔'

ایک اندازے کے مطابق گیم آف تھرونز کے مداحوں کو آخری سیزن کے لیے 2019 تک انتظار کرنا ہو گا۔