لیڈی گاگا شدید درد کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہو گئی ہیں

لیڈی گاگا تصویر کے کاپی رائٹ UNKNOWN
Image caption لیڈی گاگا ماہر پیشہ ور ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں

معروف پاپ گلوکارہ لیڈی گاگا کو جسم میں شدید درد کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔

تکلیف کے باعث برازیل کے شہر ریو میں ہونے والے راک فیسٹیول میں ان کا موسیقی کا پروگرام منسوخ ہو گيا ہے۔

انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کے نام ایک پیغام میں لیڈی گاگا نے لکھا ہے: 'میں آپ کے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار رہتی ہوں لیکن فی الوقت مجھے اپنے جسم کا خیال رکھنا ہو گا۔'

حال ہی میں 31 سالہ فنکارہ نے اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ وہ فائبرومائیلجیا مرض میں مبتلا ہیں، یہ ایک ایسی بیماری ہے جس سے پورے بدن میں درد شروع ہو جاتا ہے۔

ان کے انسٹاگرام کے صفحے پر ایک بیان میں کہا گيا ہے: 'لیڈی گاگا کے بدن میں شدید قسم کا درد ہے جس کی وجہ سے ان کی پرفارم کرنے صلاحیت متاثر ہوئی ہے۔ نتیجتاً انھیں ریو میں جمعے کو ہونے والے 'راک ان ریو' کے پروگرام سے افسوس کے ساتھ الگ ہونا پڑا ہے۔

'لیڈی گاگا ماہر پیشہ ور ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں۔ وہ ریو میں اپنے تمام مداحوں کو پیار بھیجتی ہیں اور ان کی حمایت کے لیے ان کی شکر گزار ہیں۔'

گلوکارہ نے اس سلسلے میں اپنی ایک تصویر بھی پوسٹ کی ہے جس میں ان کے بازو میں لگی ہوئی ڈرپ کو دیکھا جا سکتا ہے۔

انھوں نے لکھا ہے: 'برازیل، مجھے اس بات کا سخت صدمہ ہے کہ میں 'راک ان ریو' ميں شرکت کے لیے پوری طرح فٹ نہیں ہوں۔'

'میں اس موقع پر آپ کی شفقت اور سمجھ داری کی متمنی ہوں اور وعدہ کرتی ہوں کہ میں جلد ہی واپس آ کر آپ کے لیے پرفارم کروں گی۔ مجھے بہت افسوس ہے، اور ہمیں آپ سے بہت پیار ہے۔'

لیڈی گاگا نے اس ماہ کے اوائل میں بیماری کے سبب کینیڈا کے شہر مونٹریال میں ہونے والے اپنے ایک شو کو منسوخ کر دیا تھا۔

اکتوبر میں ان کا ایک برطانیہ کا دورہ بھی طے ہے جبکہ حالیہ دنوں میں وہ ایک دستاویزی فلم 'گاگا: فائیو فٹ ٹو' کے پروموشن میں بھی مصروف رہی ہیں۔

یہ فلم امریکہ میں تو پہلے ہی ریلیز ہو چکی ہے جبکہ برطانیہ میں یہ 22 ستمبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔ یہ فلم لیڈی گاگا کی زندگی پر مبنی ہے جس میں ان کی موسیقی کے کریئرکا احاطہ کیا گيا ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں