سلمان خان کے لیے گلوبل ڈائیورسٹی ایوارڈ

سلمان خان کیتھ ویز کے ساتھ تصویر کے کاپی رائٹ Twitter/SalmanKhan
Image caption سلمان خان نے کہا کہ ان کے والد کو ان کے اس ایوارڈ پر یقین نہیں آئے گا

برطانوی پارلیمنٹ نے بالی وڈ کے اداکار سلمان خان کو ان کی خدمات کے عوض سنہ 2017 کے گلوبل ڈائیورسٹی ایوارڈ سے نوازا ہے۔

سلمان خان نے ایک ٹویٹ میں چند تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے اس اعزاز کو اپنے لیے 'قابل افتخار' قرار دیا ہے۔

٭ میں سنگل ہوں، کنفیوژڈ ہوں: سلمان

٭ ’میں سلمان اور شاہ رخ کے کام کا مداح ہوں‘

انھیں یہ ایوارڈ فلم انڈسٹری میں ’بطور اداکار، فلم ساز، ٹی وی سٹار، گلوکار اور ان سب سے بڑھ کر ان کی انسان دوستی اور فیاضی‘ کے لیے دیا گيا ہے۔

سلمان خان کو اعزاز سے نوازتے ہوئے ہندوستانی نژاد برطانوی پارلیمان کیتھ ویز نے کہا کہ 'سلمان خان دنیا بھر کے لاکھوں لوگوں کے لیے ہیرو اور قابل تقلید شخصیت ہیں۔'

انھوں نے کہا کہ ہندوستانی سینیما میں ان کی کامیابی کے ساتھ وہ معروف مخیر شخصیات میں شامل ہیں اور ان کے ادارے بینگ ہومن نے انڈیا میں بہت سے محروم افراد کی زندگی کو تبدیل کرنے میں بڑا کام کیا ہے۔ 'ہمارے لیے انھیں یہ اعزاز دینا فخر کی بات ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ دنیا بھر میں نوجوان ایشیائی باشندوں کے پاس سلمان خان جیسا رول ماڈل ہے۔'

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter/SalmanKhan
Image caption ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد سلمان خان اپنے مداحوں کے درمیان

ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد سلمان خان نے اپنے مخصوص انداز میں کہا: 'میرے والد کو کبھی یقین نہیں آئے گا کہ مجھے یہ ایوارڈ ملا ہے۔ میں اپنے مداحوں کا شکر گزار ہوں جنھوں نے مجھے یہ عزت بخشی ہے۔'

انھوں نے مزید کہا: 'مجھے بہت سارے فلم ایوارڈ ملے ہیں لیکن میں اسے بطور خاص لینے آیا ہوں۔ میں بہت زیادہ ممنون ہوں۔'

خیال رہے کہ اس سے قبل یہ ایوارڈ بالی وڈ کے 'شہنشاہ' کہے جانے والے اداکار امیتابھ بچن کو مل چکا ہے۔ اس کے علاوہ ایشوریہ رائے بھی یہ ایوارڈ حاصل کر چکی ہیں۔ چینی اداکار جیکی چین کو بھی یہ ایوارڈ مل چکا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter/SalmanKhan
Image caption ایوارڈ حاصل کرنے کے لیے سٹیج کی جانب جاتے ہوئے سلمان خان کو یہاں دیکھا جا سکتا ہے

سلمان خان نے اپنے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ وہ فلم 'ٹائیگر زندہ ہے' کے 50 دن کے مصروف شیڈیول کے بعد یورپ کے لیے روانہ ہو رہے ہیں لیکن انھوں نے ایوارڈ کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی تھیں۔

اطلاعات کے مطابق وہ اپنے 'دا دبنگ' ٹور پر برطانیہ میں ہیں جہاں سنیچر کو وہ برمنگھم میں ہوں گے جبکہ لندن کے او2 ارینا میں اتوار کو ہوں گے۔ ان کے ساتھ اداکارہ سوناکشی سنہا، جیکلن فرنانڈیز اور اداکار پربھو دیوا وغیرہ ہوں گے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں