ایمی ایوارڈز: 'ہینڈمیڈز ٹیل' اور 'بگ لٹل لائیز' سب سے آگے

الزبتھ موس

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشن

الزبتھ موس کو ڈرامہ سیریز ہینڈمیڈز ٹیل کے لیے بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا

سٹریمنگ سروس ہولو کی ڈرامہ سیریز ’دا ہینڈمیڈز ٹیل‘ نے رواں برس کے ایمی ایوارڈز میں سب سے اہم اعزازات میں سے چار اعزاز حاصل کر لیے ہیں۔

ایمی کو ٹی وی انڈسٹری کا آسکرز کہا جاتا ہے اور اتوار کو 69ویں ایمی ایوارڈز میں 'ہینڈمیڈز ٹیل' کو بہترین ڈراما سیریز قرار دیا گیا جبکہ اس کے ہدایتکار ریڈ مورانو کو بہترین ہدایتکار، الزبتھ موس کو بہترین اداکارہ اور این ڈوڈ کو بہترین معاون اداکارہ کے لیے ایوارڈز ملے۔

پروڈیوسر بروس ملر نے اس سیریز کی مصنفہ مارگریٹ ایٹوڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 'انھوں نے یہ دنیا ہمارے لیے تیار کی ہے۔'

رض (رضوان) احمد کو لمیٹڈ سیریز یا فلم 'دا نائٹ آف' کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔ ان کا تعلق برطانیہ سے ہے۔ برطانیہ کے ہی چارلی بروکر کو نیٹ فلکس کے پروگرام 'بلیک مرر' کے لیے بہترین لکھاری کا ایوارڈ ملا۔

جبکہ بہترین ٹیلی فلم کا ایوارڈ 'سین جونیپریو' کو ملا۔ بروکر نے کہا کہ 'یہ محبت کی کہانی ہے اور محبت نفرت کو ہرائے گی اور فتح یاب ہوگی۔'

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشن

رض احمد اور چارلی بروکر کا برطانیہ سے تعلق ہے جنھوں نے رواں سال ایمی ایوارڈز حاصل کیے

برطانوی کامیڈین جان اولیور اور ان کی ٹیم کو طنزیہ پروگرام 'لاسٹ ویک ٹو نائٹ' کے لیے دو انعامات ملے۔

ایچ بی او کی سیریز 'بگ لٹل لائز' کو لمیٹڈ سیریز کے زمرے میں کئی بڑے ایوارڈز ملے جن میں بہترین اداکارہ (نکول کڈمین)، بہترین معاون اداکارہ (لورا ڈیرن)، بہترین معاون اداکار (الیگزینڈر سکارسگارڈ) اور بہترین ڈائریکٹر (ژاں مارک ویلی) شامل تھے۔

نکول کڈمین نے ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے کہا: 'ٹی وی کی قوت نے ہمیں ششدر کر دیا ہے۔ آپ ہمیں اپنے کمرے میں آنے کی اجازت دیتے ہیں۔۔۔ لیکن شو میں جتنی تفریح ہوتی ہے اتنے ہی اس میں مسائل کے بارے میں باتیں ہوتی ہیں۔'

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشن

یہاں نکول کڈمین کو بگ لٹل لائیز کی ٹیم کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے

اس شو میں گھریلو تشدد جیسے موضوع پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

جولیا لوئی ڈیرفس کو کامیڈی سیریز 'ویپ' میں بہترین اداکارہ کے انعام سے نوازا گیا۔ اس سیریز نے اسی کردار کے لیے سب سے زیادہ ایوارڈ کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔

اس سیریز کو بیسٹ کامیڈی سیریز کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

سٹرلنگ کے براؤن نے ڈراما سیریز میں بہترین مرکزی کردار کا ایوارڈ حاصل کیا۔ یہ گذشتہ 20 سالوں میں پہلا موقع ہے کہ کسی افریقی امریکی نے یہ ایوارڈ حاصل کیا ہے۔