شیشے کے گھر میں رہ کر دوسروں پر پتھر پھینکنے کا نتیجہ

ٹوئنکل کھنہ تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

پچھلے ہفتے رنبیر کپور اور ماہرہ خان کی تصاویر کی وجہ سے سوشل میڈیا کافی مصروف رہا اور بھانت بھانت کے لوگوں نے اپنی اچھی بری رائے دینا اپنا فرض سمجھا۔

ایسے لوگوں کے لیے سوشل میڈیا پر کام کی کمی نہیں کیونکہ اس ہفتے اداکار سنی دیول اور ڈمپل کپاڈیہ کی ایک تصویر وائرل ہو رہی ہے۔ تصویر اور ٹرولز کے مطابق ڈمپل سنی دیول کے ساتھ لندن میں چھٹیاں منا رہی ہیں۔ اور ویڈیو میں دونوں ہاتھ میں ہاتھ ڈالے دکھائی دے رہے ہیں۔

٭ 'عزت کا طوق صرف عورتوں کے گلے میں کیوں'

سوشل میڈیا کے جیالے اس ویڈیو کو بھی لے اُچکے اور ڈمپل کی بیٹی ٹوئنکل اور داماد اکشے کمار پر طنز و مزاح کے تیر برسانے شروع کر دیے۔ خاص طور پر ٹوئنکل پر جن کی پہلی کتاب 'مسز فنی بونز' بہت مشہور رہی۔

ٹوئنکل ایک کالم لکھتی ہیں اوراکثر مختلف شخصیات کو طنز و مزاح کے سہارے آڑے ہاتھوں لینے سے باز نہیں آتیں۔ اب لوگ انھیں ان کی ممی کا طعنہ دے کر انھیں اس بارے میں رائے دینے کی بات کر رہے ہیں۔

سنی دیول اور ڈمپل ایک دوسرے کے ساتھ ہوں یا نہ ہوں یہ ان کا کا ذاتی معاملہ ہے لیکن ٹوئنکل پر یہ کہاوت پوری اترتی دکھائی دیتی ہے کہ شیشے کے گھروں میں رہ کر دوسروں پر پتھر نہیں پھینکا کرتے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption فلم بھومی میں اداکار سنجے دت اور اداکارہ آدیتی راؤ حیدری اہم کردار ادا کر رہے ہیں

جیل سے رہائی کے بعد سنجے دت ایک شاندار اور دم دار انداز میں فلموں میں واپسی کرنا چاہتے تھے اور اس حوالے سے فلم ساز امنگ کمار نے ان کے لیے فلم 'بھومی' بنائی لیکن فلم باکس آفس پر بری طرح فلاپ رہی۔

بھومی کے ساتھ ہی اس دن شردھا کپور کی فلم 'حسینہ پارکر' اور راج کمار راؤ کی 'نیوٹن' بھی ریلیز ہوئی تھی۔ حالانکہ یہ تینوں ہی فلمیں باکس آفس پر گھٹنوں کے بل چلتی نظر آئیں جن میں 'نیوٹن' نے تقریباً 12 کروڑ ، 'حسینہ پارکر' نے تقریباً چھ کروڑ اور سنجے دت کی 'بھومی' نے تقریباً ساڑھے سات کروڑ کا بزنس کیا۔ فلم کے ہدایت کار امنگ کمار خاصے دل برداشتہ ہیں ان کا کہنا تھاکہ وہ فلم کی کامیابی کی توقع کر رہے تھے۔

پتہ نہیں امنگ کمار کیا سوچ کر اس فلم سے اچھی توقع کر رہے تھے حالانکہ وہ حال ہی میں سلمان، شاہ رخ اور رتک کی بڑی فلموں کا حشر دیکھ چکے ہیں پھر بھی ایک ایسی کہانی کے ساتھ میدان میں کود پڑے جو حال ہی میں روینا ٹنڈن کی فلم 'ماتر' اور سری دیوی کی فلم 'موم'کی کہانی تھی۔ جس طرح کا ایکشن امنگ نے سنجے دت سے کروایا تقریباً ایسا ہی کچھ روینا فلم 'ماتر' میں کر چکی تھیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption ایشوریہ رائے کو فلم 'اے دل ہے مشکل ہے' میں موجود چند قربتوں کے مناظر پر تنقید کا نشانہ بنایا گيا ہے

پچھلے کچھ عرصے میں ایسی کئی خبریں نظر سے گزریں جن میں بالی وڈ فلموں میں قربت کے مناظر پر ہیروئنوں پر نہ صرف شدید نکتہ چینی کی جاتی ہے بلکہ سوشل میڈیا پر انھیں ٹرول بھی کیا جاتا ہے جس کی کچھ مثالیں بھی موجود ہیں۔

فلم 'اے دل ہے مشکل' میں ایشوریہ اور رنبیر کے درمیان بعض مناظر پر ایشوریہ کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ فلم 'ہیٹ سٹوری تھری' میں زرین خان سے بھی خاصے پریشان کرنے والے سوال کیے گئے اور اداکارہ ایشا گپتا اور کالکی کوئچلن کی بولڈ تصاویر پر انھیں سوشل میڈیا پر ٹرول کیا گیا۔

یہاں سوال یہ ہے کہ ایسے مناظر میں ہیرو اورہیروئنز دونوں ہی ہوتے ہیں تو پھر صرف ہیروئن کو ہی تنقید کا نشانہ کیوں بنایا جاتا ہے؟

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں