دنگل گرل: 'برقع پہننے والی ہر خاتون دباؤ میں ہو، ایسا نہیں'

زائرہ وسیم اور عامر خان تصویر کے کاپی رائٹ SPICE PR
Image caption فلم سکریٹ سپر سٹار میں عامر خان اور زائرہ وسیم اہم کردار ادا کر رہے ہیں

بالی وڈ کی معروف فلم 'دنگل' سے شہرت کی بلندیوں پر آنے والی 17 سالہ کشمیری اداکارہ زائرہ وسیم کا کہنا ہے یہ ضروری نہیں کہ برقعہ پہننے والی ہر خاتون دباؤ میں ہو۔

'دنگل' کے بعد خواتین کو بااختیار بنانے پر مبنی عامر خان کی فلم 'سیکرٹ سپر سٹار' میں زائرہ اہم کردار میں نظر آئیں گی۔

٭ برقعے پر تبصرہ، ’دنگل گرل‘ کا وزیرِ کھیل کو جواب

٭ شلوار قمیض میں پہلوانی! بھئی واہ

٭ 'یہ لڑکیاں کیا لڑکوں سے کم ہیں؟'

فلم میں زائرہ ایک ایسی لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہیں جو برقعہ پہنتی ہے اور وہ انٹرنیٹ پر راتوں رات مشہور گلوکارہ بن جاتی ہے۔

بی بی سی سے خصوصی گفتگو کے دوران زائرہ نے برقعے اور اس سے وابستہ مسائل پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا: 'جو عورتیں برقع پہنتی ہیں، ان پر لوگوں نے الزام لگا دیا کہ وہ دباؤ میں ہیں۔'

وہ مزید کہتی ہیں: 'میں ایسی خواتین کو جانتی ہوں جو حجاب پہننا چاہتی ہیں اور انھیں ایسا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔'

تصویر کے کاپی رائٹ SPICE PR
Image caption فلم میں زائرہ برقع پہنتی ہیں اور وہ انٹرنیٹ پر مقبول گلوکارہ بن جاتی ہیں

زائرہ بتاتی ہیں کہ 'کشمیر میں کتنی لڑکیاں ہیں جو اپنی مرضی سے نقاب پہنتی ہیں اور ان کی شادیاں نہیں ہو رہی ہیں۔ ان کے ماں باپ ان پر نقاب اتارنے کا دباؤ ڈال رہے ہیں لیکن وہ نہیں اتار رہیں۔ برقع اور دباؤ دقیانوسی تصورات ہیں۔ ضروری نہیں ہے کہ حجاب پہننے والی لڑکیاں صرف اہل خانہ کے دباؤ میں ہی نقاب پہنتی ہیں۔'

کشمیر ملک کے دوسرے شہروں سے مختلف نہیں۔

البتہ زائرہ نے واضح کیا کہ فلم میں ان کا برقع پہننا کسی مذہبی علامت کے طور پر نہیں ہے بلکہ فلم کی ضرورت کے تحت ایک لباس ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ SPICE PR
Image caption زائرہ کا کہنا ہے کہ وہ ایسی بہت سی لڑکیوں کو جانتی ہیں جو اپنی خوشی سے حجاب یا نقاب پہنتی ہیں

زائرہ کا خیال ہے کہ کشمیر انڈیا کے دوسرے شہر سے مختلف نہیں ہے۔

وہ کہتی ہیں: 'بس وہاں سینیما ہال میں فلمیں دیکھنے کا موقع نہیں ملتا۔ اگر آپ فلم دیکھنا چاہیں تو ڈی وی ڈی لے آئیں یا پھر جموں جائيں۔

17 سالہ زائرہ اب تک عامر خان کے ساتھ دو فلموں میں کام کر چکی ہیں۔

سکول سے اداکاری کی دنیا تک؟

زائرہ کا خیال ہے کہ وہ فلموں میں اداکاری کی جانب کبھی مائل نہیں تھیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ SPICE PR
Image caption فلم 19 اکتوبر کو ریلیز ہو رہی ہے

سکول میں رحم مادر میں بچیوں کے قتل پر مبنی ڈرامے میں شرکت کے بعد وہ سکول کی پرنسپل کی نگاہوں میں آئيں اور پھر کشمیر کے سکولوں میں اداکاری کی صلاحیت رکھنے والے طالب علموں کی تلاش کرنے والی ٹیم کی پہلی پسند قرار پائيں۔

زائرہ کے والدین متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ بالی وڈ میں اداکاری کے بارے میں تذبذب کا شکار تھے، لیکن فلم میں عامر خان کی موجودگی سے انھوں نے ہامی بھری تھی۔

پہلی فلم 'دنگل' سے قومی ایوارڈ حاصل کرنے والی زائرہ بالی وڈ میں دو فلمیں کر چکی ہیں اور اب اپنی توجہ مکمل طور پر تعلیم پر مرکوز کرنا چاہتی ہیں اور ابھی انھوں نے یہ طے نہیں کیا کہ آیا وہ اداکاری جاری رکھیں گی یا نہیں۔

ادویت چندن کی ہدایت میں بننے والی فلم سیکرٹ سپرسٹار میں عامر خان اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ فلم اکتوبر 19 کو ریلیز ہو گی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں