بی بی سی کی چار نئی سروسز کے بارے میں چند دلچسپ حقائق

بی بی سی گجراتی

بی بی سی نیوز نے انڈیا کی چار نئی زبانوں میں دو اکتوبر سے اپنی نشریات شروع کر دی ہیں۔

گجراتی، مراٹھی، تیلگو اور پنجابی زبانوں کی یہ سروسز سوموار کی سہ پہر سے شروع ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی بی بی سی اب انگریزی سمیت دنیا کی 40 زبانوں میں خبریں فراہم کر رہی ہے۔

برٹش براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے مطابق سنہ 1940 کے بعد پہلی مرتبہ بی بی سی کی نشریات میں اتنے بڑے پیمانے پر توسیع کی گئی ہے۔

٭ بی بی سی کا 11 نئی زبانوں میں نشریات شروع کرنے کا اعلان

بی بی سی کی عالمی سروس میں یہ توسیع اس مالی امداد کے طفیل ممکن ہوئی ہے جس کا اعلان حکومتِ برطانیہ نے گذشتہ سال کیا تھا۔

یہاں انڈیا کی چار زبانوں کے بارے میں بعض دلچسپ معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔

مہاراشٹر صرف ممبئی نہیں ہے

مراٹھی زبان تقریبا سوا سات کروڑ افراد بولتے ہیں اور مغربی ہندوستان کی ریاست مہاراشٹر میں زیادہ تر لوگوں کی یہ زبان ہے۔

یہ ریاست انڈیا کی امیر ترین ریاستوں میں شامل ہے، ممبئی ریاست کا دارالحکومت ہے جبکہ بالی وڈ کے لیے بھی یہ شہر معروف ہے۔

مہاراشٹر کے معروف افراد میں کرکٹر سچن تنڈولکر، گاوسکر، گلوکارہ لتا منگیشکر اور تمل سپر سٹار اداکار رجنی کانت شامل ہیں۔

ایک حقیقت: ایسا نہیں ہے کہ پہلی بار بی بی سی مراٹھی سروس قائم ہوئی ہے۔ اس سے قبل سنہ 1940 میں جارج اورویل بی بی سی مشرقی سروسز کے حصے کے طور پر ہندوستانی اور مراٹھی سروس کے سربراہ تھے۔

آپ کو بتادیں کہ مشہور برطانوی بینڈ کوئین کے مرکزی گلوکار فریڈی مرکری نے اپنے پیانو کے پہلے اسباق ممبئی کے پاس پنچگنی میں لیے تھے جہاں وہ سینٹ پیٹرز سکول میں زیر تعلیم تھے۔ یہ برطانوی طرز پر لڑکوں کا اقامتی سکول تھا۔

گاندھی کی سرزمین گجرات

یہاں پانچ کروڑ افراد گجراتی زبان بولتے ہیں۔

یہ مغربی ہندوستان میں مہاراشٹر کے اوپر آباد ہے۔

یہ خطہ سبزیوں پر مشتمل کھانوں، ناقابل تسخیر تجارتی مزاج اور ڈانڈیا رقص کے لیے معروف ہے۔

معروف گجراتیوں میں ہندوستان کی آزادی کے علمبردار مہاتما گاندھی، پاکستان کے بانی قا‏ئد اعظم محمد علی جناح، انڈیا کے حالیہ وزیر اعظم نریندر مودی اور معروف تاجر خاندان امبانی شامل ہیں۔

ایک حقیقت: گجرات دنیا میں واحد جگہ ہے جہاں ایشیاٹک شیر کھلے جنگل میں پائے جاتے ہیں۔ اس کے گیر جنگل میں پانچ سو شیر ہیں۔

پنجاب: بھنگڑا سے زیادہ

دس کروڑ افراد پنجابی زبان بولتے ہیں اور یہ دنیا کی سب سے زیادہ بولی جانے والی زبانوں میں 11 ویں نمبر پر ہے۔

یہ شمال مغربی ہندوستان میں واقع ہے۔

معروف شخصیتوں میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ اور بالی وڈ کا پہلا بڑا فلمی خاندان یعنی کپور خاندان شامل ہے۔

ایک حقیقت: اس ریاست کی قابل قدر فوجی روایت رہی ہے۔ انڈیا کی فضائیہ کے چھ اور فوج کے سات سربراہان اسی ریاست سے آئے ہیں۔ انڈین فوج میں پہلی لیفٹیننٹ جنرل بننے والی خاتون پنیتا اروڑہ کا بھی پنجاب سے تعلق ہے۔

آندھر پردیش اور تلنگانہ: کوہ نور کا ماخذ

Image caption آندھر پردیش اور تلنگانہ دنیا کے سب سے امیر مندر تروپتی، حیدرآبادی بریانی، مساجد اور چارمینار جیسی عمارتوں کے لیے معروف ہیں

یہاں کی زبان تیلگو ہے جو ساڑھے سات کروڑ افراد بولتے ہیں۔

یہ جنوبی ہند میں قائم ریاست ہے۔

یہ دنیا کے سب سے امیر مندر تروپتی، حیدرآبادی بریانی، مساجد اور چارمینار جیسی عمارتوں کے لیے معروف ہے۔

یہاں کی معروف شخصیتوں میں مائیکروسوفٹ کے سی ای او ستیہ نڈیلا، سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ، اور بیڈمنٹن چیمپیئن پی وی سندھو شامل ہیں۔

ایک حقیقت: تاجر اور سیاح نکولو ڈی کونٹی نے تیلگو زبان کو مشرق کی اطالوی کہا تھا۔ اس کی وجہ اس کا شریں لہجہ اور اطالوی زبان کی طرح اس کے الفاظ کا واویل کی آواز پر ختم ہونا ہے۔

Image caption انڈیا میں چار زبانوں کے علاقے

اسی بارے میں