کنگنا اور رتک کی مبینہ محبت کا جھگڑا ایک بار پھر تازہ

کنگنا تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption کنگنا رناوت کے بعد اب رتک روشن نے بھی اپنی جانب کی کہانی بتانی شروع کی ہے

کنگنا رناوت اور رتک روشن کی مبینہ محبت سے پیدا ہونے والا جھگڑا ایک بار پھر تازہ ہو گیا ہے۔

اپنی فلم سمرن کی ریلیز سے پہلے ایک ٹی وی شو ’آپ کی عدالت‘ میں کنگنا نے کچھ سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ایک بار پھر اپنی محبت کی راکھ کو کریدا تو ٹھنڈی ہوتی چنگاریاں پھر بھڑک اٹھیں۔

پہلی بار رتک روشن نے فیس بک پر ایک لمبی پوسٹ میں کہا کہ انھیں نا گہانی اس گندگی میں کھسیٹا جا رہا ہے اور انھوں نے کنگنا سے کبھی اکیلے میں ملاقات ہی نہیں کی۔

٭ رشی کپور کے ’کھلم کھلا‘ اعتراف

٭ کیا قطرینہ اور انوشکا دیپکا کی دوست ہیں؟

رتک کا کہنا تھا کہ اس معاملے سے ان کی ذاتی زندگی بہت متاثر ہوئی ہے اور اب وہ اپنے بچوں کی خاطر یہ پوسٹ لکھ رہے ہیں کیونکہ اس کا اثر ان کے بچوں پر پڑ رہا ہے۔

پھر کیا تھا کنگنا کی بہن رنگولی نے، جو اس تمام قصے کی بقول خود ان کے چشم دید گواہ ہیں جھٹ سے رتک اور کنگنا کی ایک پرانی تصویر سوشل میڈیا پر ڈال دی جسے رتک کے ساتھیوں نے فوٹو شاپ کہہ کر مسترد کر دیا۔

یہ کافی حد تک درست ہے کہ بالی وڈ میں دلچسپی رکھنے والے بالی وڈ کی چٹ پٹی خبریں پڑھنا چاہتے ہیں۔ کس کا بریک اپ ہوا، کس کی طلاق اور کس کا افیئر کس سے چل رہا ہے۔ لیکن لوگ ایک ہی کہانی بار سن کر تھک چکے ہیں۔ اب کون جانے کہ ان کی یہ کہانی اور کیا رنگ لائے گی؟

رشی کپور کی دھمکی!

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter
Image caption ماہرہ اور رنبیر کپور کی تصاویر پر سوشل میڈیا میں گرما گرم بحث نظر آئی

جہاں تک تنازعات کا تعلق ہے تو رنبیر اور ماہرہ بڑی مشکل سے اپنی تصاویر پر ہونے والے ہنگامے سے فارغ ہی ہوئے تھے کہ اپنی عادت سے مجبور رنبیر کے پاپا رشی کپور میڈیا پر برس پڑے۔

اس ہفتے رشی کپور جب ایک ایونٹ پر پہنچے تو میڈیا کے سوال پوچھنے سے پہلے ہی انھوں نے گرجتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نے رنبیر کی تصویروں کے حوالے سے ان سے کوئی سوال پوچھا تو 'میں اسے اس کی پٹائی کر دوں گا' اور انھوں نے یہ جملہ کئی بار دہرایا۔

اس کے بعد جب رشی کپور نے میڈیا سے سوال پوچھنے کے لیے کہا تو خوف کے مارے صحافیوں نے خاموش رہنے میں ہی عافیت سمجھی۔

دیپکا کی صاف گوئی!

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption دیپکا پاڈوکون نے ڈپریشن کے علاوہ اپنے جسم کے خدوخال پر بھی کھل کر بات کی تھی

رنبیر کی سابق دوست دپیکا پاڈوکون نے کچھ سال پہلے لوگوں پر انکشاف کیا تھا کہ وہ شدید ڈپریشن کا شکار رہ چکی ہیں۔

انڈیا اکنامک کانفرنس میں بات کرتے ہوئے دپیکا نے بتایا کہ انھوں نے لوگوں کے سامنے یہ انکشاف اس لیے کیا تھا تاکہ لوگوں میں اس ذہنی کیفیت کے حوالے سے بیداری پیدا ہو۔

دپیکا کا کہنا تھا کہ 'میں یقین سے نہیں کہہ سکتی کہ میں اب اس کیفیت سے پوری طرح نکل آئی ہوں۔'

کانفرنس میں ذہنی امراض کے بارے میں پائی جانے والی رائے کے بارے میں لوگوں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ بہت برا تجربہ ہوتا ہے وہ اس تجربے سے گزر چکی ہیں اور جانتی ہیں کہ اس کے شکار لوگوں پر کیا گزرتی ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اس انکشاف سے ان کے کریئر پر کوئی منفی اثر پڑا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ انھیں معلوم نہیں کہ کیا واقعی کچھ لوگوں نے انھیں اس لیے فلم آفر نہیں کی کہ وہ اس ذہنی کیفیت کے سبب ایکٹنگ نہیں کر پائیں گی۔

دپیکا کے اس انکشاف کے سبب واقعی عام لوگو ں میں اس حوالے سے بیداری کا سلسلہ ضرور شروع ہوا ہے کہ ڈپریشن ایک حقیقت ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں