’اپنے ساتھ جنسی زیادتی کی ذمہ دار خود عورتیں ہی ہوتی ہیں‘

وائن سٹین تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption ہالی وڈ کے معروف فلم ساز وائن سٹین کے خلاف جنسی زیادتیوں کی شکایت کے بعد بالی وڈ میں بھی اس پر بحث نظر آئی

پچھلے ہفتے ہالی وڈ کی معروف شخصیت ہاروی وائن سٹین کے خلاف مبینہ جنسی زیادتیوں اور ریپ کے الزامات کے بعد اس وقت یہ موضوع ٹرینڈ کر رہا ہے اور ہر کوئی اس حوالے سے اپنی رائے دیتا نظر آتا ہے۔

بالی وڈ کی اداکارہ پوجا بھٹ کا کہنا ہے کہ 'خود بالی وڈ میں کئی ہاروی وائن سٹین ہیں لیکن لوگ آواز اٹھانے سے ڈرتے ہیں۔'

٭ خدا کا شکر ہے ایشوریہ بچ گئیں

٭ 'عزت کا طوق صرف عورتوں کے گلے میں کیوں'

لوگ دل کھول کر ہاروی کو برا بھلا کہہ رہے ہیں ایسے میں اداکارہ ٹسکا چوپڑہ کہہ بیٹھیں کہ ’اپنے ساتھ جنسی زیادتی کی ذمہ دار خود عورتیں ہی ہوتی ہیں۔‘ پھر کیا تھا پورا سوشل میڈیا ہاروی کو چھوڑ کر ٹسکا کی لعنت ملامت میں لگ گیا۔

ٹسکا کا کہنا تھا کہ ان عورتوں کی اپنی ذاتی سکیورٹی کا خیال کیوں نہیں رہتا وہ خود کو ایسے حالات میں کیوں ڈالتی ہیں جہاں انھیں کسی مشکوک انسان سے ملنے ہوٹل جانا پڑے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption ٹسکا چوپڑہ کئی درجن فلموں میں مختلف کردار ادا کر چکی ہیں

ٹسکا کہتی ہیں کہ عورت ہونے کے ناطے میں کہنا چاہوں گی کہ ’اولین ترجیح اپنی حفاظت کو دیں اورایسے مردوں کو بتا دیں نہیں کا مطلب نہیں ہوتا ہے۔‘

ٹسکا کہتی ہیں کہ ’اپنے کریئر کے لیے شارٹ کٹ نہ لیں محنت سے کام کریں۔ اگر آپ با صلاحیت ہیں تو دیر سے سہی لیکن کامیابی ضرور ملے گی۔‘

اس تمام بحث میں مجھے صرف ایک بات ہی سمجھ میں آتی ہے کہ جنسی زیادتی کے موضوع پر صرف اسی وقت بات نہ کریں جب یہ ٹرینڈ کر رہا ہو بلکہ اس مسئلے پر ایک مسلسل اور سنجیدہ بحث کی ضرورت ہے۔

دیپکا کو ابھی تک مسٹر پرفیکٹ نہیں ملا شاید

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption دیپکا پاڈوکون گذشتہ کئی برسوں سے مسلسل ہٹ فلمیں دے رہی ہیں اور ان کی اداکاری کو چہار جانب سراہا جا رہا ہے

کسی بھی مشہور شخصیت کے لیے کسی کے ساتھ دوستی، رشتہ یا شادی نبھانا یا چلانا عام لوگوں سے زیادہ دشوار ہوتا ہے اور غالباً کبھی کبھی اس کے لیے انھیں بڑی قیمت ادا کرنی پڑ جاتی ہے۔

ایسی ہی ایک شخصیت ہیں دپیکا پاڈوکون جو پہلے رنبیر کپور کے ساتھ تھیں اس کے بعد کچھ عرصے سدھارتھ مالیہ کے ساتھ ان کا نام جوڑا گیا اور پچھلے تین سال سے ان کا نام رنویر سنگھ کے ساتھ لیا جا رہا ہے۔

بالی وڈ میں نو سال کی کامیابی کے اپنے سفر کے بارے میں بات کرتے ہوئے دپیکا کا کہنا تھا کہ اس دوران انھوں کئی قریبی رشتے کھوئے ہیں اور کچھ رشتے مزید مظبوط ہوئے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption دیپکا نے بالی وڈ کے علاوہ ہالی وڈ میں بھی قسمت آزمائی کی ہے

دپیکا پاڈوکون نے کئی سال کی افواہوں اور قیاص آرائیوں کے بعد آخر کار شادی اور محبت کے حوالے سے کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا تو لوگوں کو نہ صرف حیرانی ہوئی بلکہ کچھ باتیں واضح بھی ہوئیں۔

دپیکا کا کہنا تھا کہ اگر آپ کامیابیوں کی بلندی پر ہوں تو ایسے جیون ساتھی کا ملنا بہت مشکل ہوتا ہے جو آپ کی کامیابی کو ہینڈل کر سکے اور اسے سمجھ سکے۔ دپیکا کہتی ہیں کہ جب آپ بلندی پر ہوں تو آپ کے رومینٹک رشتے پہلے سے زیادہ پیچیدہ ہو جاتے ہیں۔

آج دپیکا کامیابیوں کی اس بلندی پر ہیں جو غالباً ہر کسی کو نصیب نہیں ہوتی لیکن شاید ہر چیز کی ایک قیمت ہوتی ہے اور بلندی پر پہنچنے کی قیمت شاید وہ اکیلا پن یا وہ کمی ہوتی ہے جسکا ذکر دپیکا نے کیا۔ دپیکا کے اس اعتراف سے یہ بات کسی حد تک واضح ہوتی ہے کہ انھیں ابھی تک ان کا 'مسٹر رائٹ' نہیں ملا۔

ریس تھری میں سلمان کی شرائط

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption ریس سیریز میں ابھی تک سیف علی خان رفتار کا مظاہرہ کر رہے تھے لیکن اب اس میں سلمان خان ہوں گے

فلم ’ریس ٹو‘ کی اگلی سیریز کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں اور اس بار ’ریس تھری‘ کے ہیرو سلمان خان ہوں گے۔

اب تک کی اس سیریز کی خاص بات فلم میں تیز رفتار گاڑیاں، سٹیمی مناظراور نیم برہنہ ہیروئنز رہی تھیں۔ لیکن خبر ہے کہ سلمان خان نے فلم میکرز کے لیے کچھ گائیڈ لائنز دے ڈالی ہیں جن کے تحت فلم میں نہ تو کوئی ’سٹیمی سینز‘ ہونگے اور نہ ہی ’ڈرگز‘ اور نیم برہنہ ہیروئنز۔

سلمان کا خیال ہے اس سے بچوں اور نوجوانوں پر اچھا اثر نہیں پڑے گا۔ تو اس بار ’ریس تھری فل آن سلمان خان‘ کی فلم ہوگی!

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں